وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا قصور اسکینڈل کی عدالتی تحقیقات کا حکم

ویب ڈیسک  اتوار 9 اگست 2015

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے محکمہ داخلہ کو قصورمیں بچوں کے ساتھ زیادتی اوران کی وڈیو بنانے کے معاملے کی تحقیقات کے لئے لاہورہائی کورٹ سے جوڈیشل انکوائری کے لئے کمیشن بنانے کی درخواست کا حکم دیا ہے۔

لاہور سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ قصور میں متاثرہ خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کریں گے، ملزمان اپنے انجام سے نہیں بچ پائیں گے، انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی، انہوں نے محکمہ داخلہ پنجاب کو ہدایت کی کہ معاملے کی نچلی سطح پر عدالتی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کرے۔

پیپلز پارٹی نے قصور میں بچوں سے زیادتی پر قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا۔  ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شازیہ مری، بیلم حسنین اور شاہدہ رحمانی کی جانب سے جمع کرائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ قصور میں بچوں سے زیادتی میں بااثر افراد ملوث ہیں، وفاقی وزیرداخلہ معاملے کا نوٹس لیں اور ایوان میں اس مسئلے پر بحث کی جائے۔ اس کے علاوہ  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی سربراہ رحمان ملک نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے اس سلسلے میں شواہد مہیاں کرنے کی اپیل کردی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے مقامی عدالت سے بچوں سے زیادتی اسکینڈل میں گرفتار کئے گئے 7 میں سے 6 افراد کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ ڈی پی او قصور رائے بابر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسکینڈل کے حوالے سے ’بعض غلط فہمیاں‘ موجود ہیں، متاثرہ بچوں کی تعداد 300 نہیں، اس سلسلے مساجد سے اعلانات کروائے گئے تھے کہ متاثرین بغیر کسی خوف کے شکایت درج کروانے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچیں لیکن پولیس کو اب تک صرف 7’شکایات موصول ہوئی ہیں، جب کہ بچوں سے زیادتی کے 60 سے70 کلپس ملے ہیں تاہم یہ معاملہ بچوں سے زیادتی کا نہیں زمینوں پرقبضے کا ہے۔

گاؤں کے مکینوں نے پولیس کی جانب سے تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس حکام نے پہلے اس معاملے میں ملوث افراد کو حراست میں لینے سے گریز کیا اور اب ملزمان کو بچانے کے لئے اسے زمین کے تنازع کا رنگ دیا جارہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔