مائیکل جیکسن کی بہن گلوکارہ جینٹ نے اسلام قبول کرلیا

خبر ایجنسیاں  اتوار 20 ستمبر 2015
جینٹ جیکسن نے 2012ء  میں 40 سالہ مسلمان ارب پتی وسام المنا سے شادی کی تھی، فوٹو : فائل

جینٹ جیکسن نے 2012ء میں 40 سالہ مسلمان ارب پتی وسام المنا سے شادی کی تھی، فوٹو : فائل

لاس اینجلس: امریکی پاپ گلوکارانجہانی مائیکل جیکسن کی بہن ہالی وڈ گلوکارہ جینٹ جیکسن نے اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ 49 سالہ جینٹ جیکسن نے 2012ء میں 40 سالہ مسلمان ارب پتی وسام المنا سے شادی کی تھی جس سے وہ اتنی متاثر ہوئیں کہ انھوں نے اسلام قبول کرلیا اور نا زیبا ملبوسات زیب تن کرنا چھوڑ دیے۔

گلوکارہ جینٹ جیکسن نے اپنے مسلمان ہونے کے بارے میں کہا کہ انھوں نے اپنے فیملی ارکان کو بھی بتایا ہے جنھوں نے ان کے نئے انتخاب کا مکمل طور پر احترام کیا ہے۔ جینٹ جیکسن اسلامی تعلیمات کا مطالعہ کرنے کے لیے کافی وقت صرف کرتی ہیں۔ دریں اثناء انھوں نے آئی ہارٹ ریڈیو میوزک فیسٹیول میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

برطانوی اخبار ’’دی سن‘‘ نے امریکی گلوکارہ کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جینٹ جیکسن دائرہ اسلام میں داخل ہو کر بہت پرسکون اور مطمئن ہو گئیں ہیں جب کہ نازیبا ڈانس اور جنسی میوزک سے بہت دور ہو چکی ہیں۔

اخبار ’’دی سن ‘‘ نے مزید بتایا ہے کہ جینٹ جیکسن نے یہاں تک کہ انشاء اللہ کہتے ہوئے اپنا ’’Unbreakable‘‘ میوزک ورلڈ ٹور شوز بھی ترک کردیے ہیں۔ مزید برآں جینٹ جیکسن نے رواں ویک اینڈ پر ہونے والے آئی ہارٹ ریڈیو میوزک فیسٹیول کو بھی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

دوسری جانب لاس ویگاس ’’ریویو جرنل ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق کان میں کسی مسئلے کیو جہ سے وہ میوزک فیسٹیول میں نہیں جا سکتی۔ واضح رہے کہ بھائی مائیکل جیکسن کے علاوہ لا ٹویا جیکسن‘ ریبی جیکسن ان کی بہنیں جب کہ جرمین جیکسن‘ رینڈی جیکسن ان کے بھائیوںمیں شامل ہیں ان کے علاوہ جینٹ جیکسن کے اور بھی بھائی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔