پاکستانی لیجنڈ اداکارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں

شمیم آرا نے اداکاری میں 6 نگار ایوارڈ کے ساتھ ہدایت کاری میں بھی3 نگار ایوارڈ حاصل کیے۔


ویب ڈیسک August 05, 2016
شمیم آرا کی جوڑی چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔ فوٹو:فائل

پاکستانی فلم انڈسٹری کی متعدد فلموں میں اپنی شانداراداکاری سے مداحوں کو محظوظ کرنے والی اداکارہ شمیم آرا لندن میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 1938 میں علی گڑھ میں پیدا ہونے والی نامور پاکستانی اداکارہ شمیم آرا لندن میں انتقال کرگئیں، شمیم آرا لندن کے اسپتال مین طویل عرصے سے زیرعلاج تھیں اور6 سال سے وہ کومے کی حالت میں تھیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: لازوال فلمیں دینے والی اداکارہ شمیم آرا بے بسی کی تصویر بن گئیں

اداکارہ کا اصلی نام پتلی بائی تھا جب کہ انہوں نے فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری بھی کی،ان کی پہلی سپرہٹ فلم سہیلی تھی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا جب کہ ان کی بہترین فلموں میں فرنگی، کنواری، آگ کا دریا، ہم رازاوردیوداس اوردیگرشامل ہیں گوکہ شمیم آرا نے اپنے دورمیں ہر ہیرو کے ساتھ کام کیا لیکن ان کی جوڑی چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کے ساتھ بہت پسند کی گئی،شمیم آرا کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ پاکستان کی پہلی رنگین فلم ''نائلہ'' میں انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

شمیم آرا کو پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جب کہ انہوں نے اداکاری میں 6 نگار ایوارڈ کے ساتھ ہدایت کاری میں بھی3 نگار ایوارڈ حاصل کیے۔



وزيراعظم نواز شريف نے اداكارہ شميم آراءكے انتقال پر گہرے رنج و غم كا اظہار كرتے ہوئے كہا كہ مرحومہ نے اپنی بے مثال صلاحيت كے ذريعے پاكستان ميں فلمی صنعت كي ترقی كے لئے اہم كردار ادا كيا، پاكستان ایک عظيم اثاثے سے مرحوم ہو گيا ہے جب کہ فلمی صنعت كے فروغ كے لئے ان كي خدمات ہميشہ ياد ركھی جائيں گی۔ انہوں نے دعا كی كہ اللہ تعالیٰ مرحومہ كو اپنے جوار رحمت ميں جگہ دے اور سوگوار خاندان كو يہ صدمہ برداشت كرنے كا حوصلہ عطافرمائے۔

اداکارہ شمیم آرا کے انتقال پر پاکستانی فلم انڈسٹری کے فنکاروں نے گہرے دکھ اوررنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شاندار اداکاری کو بھلایا نہیں جا سکتا جب کہ وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک اثاثہ تھیں۔

دوسری جانب شميم آراكے اكلوتے بيٹے سلمان كريم نے والدہ كی تدفين لندن ميں ہی كرنے كا فيصلہ كيا ہے۔ سلمان كريم نے "ايكسپريس"سے بات كرتے ہوئے كہا كہ ميں عرصہ دراز سے لندن ميں مقيم ہوں ، اس لئے چاہتا ہوں كہ والدہ كی تدفين يہیں کروں، جہاں تک ان كی تدفين كے وقت كی بات ہے توبرطانوی قوانين كے مطابق كاغذی كارروائی مكمل ہونے پرہي اصل صورتحال سامنے آئے گي۔ فی الحال ميت مقامی اسپتال كے سردخانے ميں جمع كرادی ہے۔ انہوں نے كہا كہ چاہتاہوں كہ تدفين ہفتہ کو كردوں ليكن لگتا ہے كہ تدفين اتوار يا پيركے روز ہی كي جائے گی، سلمان کریم نے پاكستان ميں شميم آراكے مداحوں سے اپيل كی ہے كہ وہ ان كی مغفرت كے لئے خصوصی دعا كريں ۔

مقبول خبریں