بہترین حج آپریشن پر پی آئی اے کو سعودی حکومت کی جانب سے اعلی کارکردگی کا ایوارڈ

ویب ڈیسک  جمعـء 21 اکتوبر 2016

حج آپریشن سے قبل پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 92.2 فیصد جبکہ بعد از حج آپریشن 98 فیصد رہا، پی آئی اے ترجمان: فوٹو : فائل

حج آپریشن سے قبل پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 92.2 فیصد جبکہ بعد از حج آپریشن 98 فیصد رہا، پی آئی اے ترجمان: فوٹو : فائل

کراچی: باکمال لوگ لاجواب سروس ، یہ سلوگن پاکستان کی قومی ایئر لائن کا ہے جس میں شاید کبھی حقیقت ہو لیکن گزشتہ برسوں سے یہ سلوگن پی آئی اے کے لیے باعث شرم بن گیا ہے کیونکہ ایئر لائن اور عملے کی شاید ہی کوئی تعریف کرتا نظر آئے تاہم اب بہت عرصے بعد کسی نے اس کی خدمات کو سراہا ہے اور وہ ملک ہے سعودی عرب جس نے بہترین حج آپریشن پر پی آئی اے کو اعلیٰ کارکردگی کی سند بھی دی ہے۔ 

ترجمان پی آئی اے کے مطابق رواں برس ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا جس میں سے 51 ہزار سے زائد افراد نے پی آئی اے کے طیاروں میں سفر کیا۔ قومی ایئر لائن نے ناصرف حجاج کرام کو وقت پر حجاز مقدس پہنچایا بلکہ ان کی بروقت واپسی کو بھی یقینی بنایا۔ پی آئی اے کے پوسٹ حج آپریشن کے دوران پروازوں کی  بروقت آمد 98 فیصد رہی، سعودی عرب کی حکومت بھی پاکستانی ایئرلائن کی کارکردگی کی متعرف ہے۔

سعودی حکام نے پی آئی اے کو اس کی بہترین خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ ایوارڈ سے نوازنے کی تقریب جدہ میں ہوئی جس میں سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اور جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنینشل ائیرپورٹ کی انتظامیہ نے پی آئی اے کی کارگردگی کو سراہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔