سنجے دت فلم ’’سنجو‘‘ میں رنبیر کی اداکاری پر دنگ رہ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 25 اپريل 2018
فلم’سنجو‘رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائےگی؛ فوٹوفائل

فلم’سنجو‘رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائےگی؛ فوٹوفائل

ممبئی: اداکار سنجے دت نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کا ٹیزر دیکھ کر انتہائی حیران کن ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا تھا، ایک منٹ 25 سیکنڈ کے ٹیزر میں سنجے دت کی زندگی کے مختلف ادوار کی جھلک نہایت شاندار انداز میں پیش کی گئی جسے دیکھ کر سنجو بابا کے مداحوں اور بالی ووڈ کے دیگر اداکاروں سمیت خود سنجے دت بھی دنگ رہ گئے۔ فلم میں سنجے دت کا مرکزی کردار اداکار رنبیر کپور نے ادا کیا ہے اور سنجے دت کی طرح نظر آنے کیلئے انہوں نے کڑی محنت کی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فلم’’سنجو‘‘ کا ٹیزرآتے ہی چھاگیا

لوگ رنبیر کو سنجے دت کے روپ میں دیکھنے کیلئے بہت بے چین تھے تاہم گزشتہ روز لوگوں کا انتظار ختم ہوا اور بالآخر فلم کا پہلا ٹیزر ریلیز کردیا گیا جس میں رنبیر کپور سنجے دت کے روپ میں بے حد شاندار نظر آئے۔ فلم کا ٹیزر دیکھ کرسنجے دت بھی حیرت زدہ رہ گئے جس کا اظہار انہوں نے ایک ویڈیو کے ذریعے کیا۔

ویڈیو میں سنجے دت نے کہا کہ مجھے تو ابھی تک یقین نہیں آرہا کہ میری زندگی پر فلم بن رہی ہے، میں نے اس فلم کے سینز دیکھے ہیں جنہیں دیکھ کر مجھے یقین نہیں آیا کہ رنبیر بالکل میری طرح نظر آرہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے فلم کے ہدایت کار راجکمار ہیرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خبردار منابھائی میں رنبیر کپور کو نہیں لینا۔

واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم’سنجو‘رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائےگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔