درگاہ خواجہ غریب نواز کے دیوان کا وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا استقبال کرنے سے انکار

پاکستانی وزیر اعظم کا استقبال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے درگاہ کی انتطامیہ میں پھوٹ پڑ گئی ہے،بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک March 08, 2013
پاکستانی وزیر اعظم کا استقبال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے درگاہ کی انتطامیہ میں پھوٹ پڑ گئی ہے،بھارتی میڈیا فوٹو: فائل

KARACHI: درگاہ خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کے دیوان نے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے مزارپرحاضری کے موقع پران کا استقبال کرنے سے انکار کردیا ہے۔

بھارتی اخبارکے مطابق خواجہ معین الدین چشتی کے درگاہ کے دیوان زین العابدین نے لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو قتل کئے جانے کے واقعات پراحتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم راجا پرویزاشرف کا استقبال کرنے سے انکار کر دیا۔ دیوان زین العابدین نے کہا کہ وزیراعظم کا یہاں آنا ہمارے قتل کئے گئے فوجیوں کے لواحقین کی توہین ثابت ہو گی، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں پتہ کہ پاکستانی وزیر اعظم کے یہاں آنے کی کیا وجہ ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم کا استقبال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے درگاہ کی انتطامیہ میں پھوٹ پڑ گئی ہے، انتظامیہ کمیٹی کے ایک ممبر سلمان چشتی کا کہنا ہے کہ درگاہ پر کسی کی حاضری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

وزیر اعظم راجا پرویز اشرف ہفتے کے روز خواجہ معین الدین چشتی کے درگاہ پر حاضری دینے بھارت جائیں گے۔ گزشتہ سال صدر آصف علی زرداری جب درگاہ پر حاضری دینے اجمیر شریف پہنچے تو ان کا استقبال بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے کیاتھا جبکہ اس کے برعکس وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا استقبال بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کریں گے جنہوں نے ان کے لئے اجمیر شریف کے رام باگ ہوٹل میں عشائیے کا انتظام بھی کیا ہے۔