مداح نے ورون دھون کا ٹریفک چالان کرا ڈالا

ویب ڈیسک  جمعرات 23 نومبر 2017
ممبئی پولیس کی جانب سے ورون کو ای چالان دینے پر اداکار نے بھی معافی مانگ لی۔ . فوٹو : فائل

ممبئی پولیس کی جانب سے ورون کو ای چالان دینے پر اداکار نے بھی معافی مانگ لی۔ . فوٹو : فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے نوجوان اداکار ورون دھون کو مداح کے ساتھ سڑک پرسیلفی لینے کے چکر میں چالان بھرنا پڑگیا۔ 

بالی ووڈ کو یکے بعد دیگر بلاک بسٹر فلمیں دینے والے نوجوان اداکار ورون دھون حال ہی میں فلم ’جڑواں ٹو‘ کی کامیابی کے بعد شہرت کی بلندیوں پر ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کے مداحوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور وہ مداحوں میں فوری گھل مل جانے کی وجہ سے بھی خاصے مقبول ہیں لیکن ٹریفک کے دوران مداح کی خوشی کے خاطر سیلفی لینا اداکار کو مہنگا پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار ممبئی کی ٹریفک میں پھنسے تو اس دوران ان کی کار کے ساتھ ایک رکشہ کھڑا ہوا جس میں موجود خاتون مداح نے ورون کے ساتھ سیلفی بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تو اداکار بھی پیچھے نہ رہے اور گاڑی کا شیشہ نیچے کرنے کے بعد سر باہر نکال کر سیلفی لے لی جو ممبئی پولیس کو بالکل پسند نہ آئی اور انہوں نے ورون کو چالان تھمادیا۔

ممبئی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر سیلفی کی تصویریں پوسٹ کی گئی جس میں کہا گیا کہ اس طرح کے ایڈوینچر ممبئی کی سڑکوں پر نہیں بلکہ سلور اسکرین پر اچھے لگتے ہیں جب کہ آپ نے اس حرکت سے اپنی اور مداح سمیت کئی افراد کی جان خطرے میں ڈالی،  ہم آپ جیسے ذمہ دار شہری اور نوجوانوں کے رول ماڈل سے ایسی اُمید ہرگز نہیں رکھتے، فی الحال اس حرکت پر ای چالان آپ کے گھر بھجوا رہے ہیں لیکن اگلی بار اس سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

https://twitter.com/Varun_dvn/status/933585803716038656

ممبئی پولیس کی ٹوئٹ کے بعد اداکار نے بھی سوشل میڈیا پر معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ میری گاڑی ٹریفک میں پھنس گئی تھی اور میں ایک مداح  کا دل نہیں توڑنا چاہتا تھا لیکن اگلی بار میں اس بات کا خیال رکھوں گا اور ایسے اقدام کی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔