جامعہ کراچی نے انٹری ٹیسٹ دیگر ذرائع سے لینے پر غور شروع کر دیا

طلبا کے مفاد میں ہی فیصلہ ہوگا، اب تک9ہزارسے زائد طلبا کے داخلہ فارم موصول ہوچکے، یونیورسٹی ترجمان


Safdar Rizvi November 26, 2017
این ٹی ایس سے ٹیسٹ کرانے کے معاملے پریونیورسٹی انتظامیہ گومگوکاشکار، جلد ہی کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

این ٹی ایس کی موجودہ صورتحال کے سبب جامعہ کراچی کی انتظامیہ داخلوں کے سلسلے میں انٹری ٹیسٹ ''نیشنل ٹیسٹنگ سروس'' کے تحت کرانے کے معاملے پر گومگو کا شکارہوگئی ہے اورٹیسٹ این ٹی ایس کے بجائے کسی دوسرے ذرائع سے کرانے کے معاملے پر ایک بارپھرغورشروع کردیا گیا ہے۔

جامعہ کراچی کے ترجمان نے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمد اجمل کی جانب سے معاملے پر از سرنوغورکیے جانے کی تصدیق بھی کردی ہے ''ایکسپریس''کومعلوم ہواہے کہ گومگوکی یہ صورتحال سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے این ٹی ایس کے خلاف آنے والے حالیہ فیصلے، صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل میں داخلوں کے سلسلے میں لیے گئے ٹیسٹ کے نتائج منسوخ کیے جانے جبکہ انکوائری کمیٹی کی جانب سے این ٹی ایس کاٹیسٹ پیپرآؤٹ ہونے کی تصدیق کے بعد پیدا ہوئی۔

جامعہ کراچی کے باوثوق ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کوعدالت کی جانب سے این ٹی ایس کے خلاف فیصلہ سامنے آنے کے بعدجامعہ کراچی نے اس فیصلے کے قانونی پہلوؤں کاجائزہ لیناشروع کردیاہے اوراین ٹی ایس کے علاوہ دیگرذرائع سے ٹیسٹ کرانے یاپھریونیورسٹی میں شعبہ جاتی سطح پر ٹیسٹ کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے، جلد اس حوالے سے کوئی فیصلہ متوقع ہے۔

بتایاجارہا ہے کہ اب تک 9 ہزارسے زائد ایسے طلبہ کے داخلہ فارم جامعہ کراچی کو موصول ہوچکے ہیں جوپروسیسنگ فیس بھی جمع کراچکے ہیں، داخلہ فارم کی تاریخ میں توسیع کے سبب مزیدکئی ہزارداخلہ فارم یونیورسٹی کوموصول ہونے کی توقع ہے ایسی صورت میں امکان ہے کہ 15ہزارسے زائدامیدوارداخلہ ٹیسٹ میں شریک ہونگے۔

این ٹی ایس کی جانب سے میڈیکل کے داخلہ ٹیسٹ میں شفافیت برقراررکھنے میں ناکامی کے سبب یونیورسٹی انتظامیہ اتنی بڑی تعدادمیں طلبہ کے داخلے اس ادارے سے کرانے پرتحفظات رکھتی ہے کیونکہ پرچہ آؤٹ ہونے سمیت عدم شفافیت کی کسی بھی صورت میں اس سے براہ راست جامعہ کراچی کے داخلے متاثرہوسکتے ہیں

''ایکسپریس'' نے اس حوالے سے جامعہ کراچی کے انتظامی سربراہ وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرمحمد اجمل خان کاموقف جاننے کے لیے ترجمان سے بھی رابطہ کیاجس پر ترجمان جامعہ کراچی نے این ٹی ایس کے معاملے پراز سرنوغورکیے جانے کی تصدیق کی، ان کاکہناتھاکہ شیخ الجامعہ کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ معاملے سے باخوبی آگاہ ہے اوراس کے قانونی پہلوکاجائزہ لے رہی ہے انتظامیہ اس حوالے سے جو فیصلہ کرے گی وہ طلبہ کے مفادمیں ہی ہوگا۔

 

مقبول خبریں