ایک اور وفاقی وزیر کے پاس اقامے کا انکشاف

ویب ڈیسک  بدھ 29 نومبر 2017
مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم نے سعودی عرب میں ڈرائیور کا اقامہ حاصل کر رکھا ہے۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم نے سعودی عرب میں ڈرائیور کا اقامہ حاصل کر رکھا ہے۔ فوٹو: فائل

ملتان: خواجہ آصف اور احسن اقبال کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ایک اور وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم کے پاس سعودی عرب میں ڈرائیور کے اقامے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایک اور وزیر کا اقامہ سامنے آگیا۔ ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم نے بھی سعودی عرب میں اقامہ بنوا رکھا ہے۔ وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم نے ڈرائیور کا اقامہ بنا رکھا ہے۔ ایکسپریس نیوز نے حافظ عبدالکریم کے سعودی اقامے کی کاپی حاصل کرلی۔

حافظ عبدالکریم کی ڈیرہ غازی خان میں نجی یونیورسٹی کے 1500 طلبا بھی ڈگریوں سےمحروم ہیں اور 4 سال تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلبا کو دی جانے والی ڈگریاں جعلی نکلیں ۔ طلبا کو یہ ڈگریاں ایک تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے ہاتھ سے دلوائی گئیں تھیں۔ ڈائریکٹر نیب ملتان نے گزشتہ روز پریس بریفنگ کے دوران حافظ عبدالکریم کی یونیورسٹی سے جعلی ڈگریوں کے اجرا کی تحقیقات شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نااہل قرار دے چکی ہے جب کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر داخلہ احسن اقبال کے پاس بھی اقامے ہیں، خواجہ آصف کا معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔