وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دو روزہ دورے پر روس پہنچ گئے

وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ دیگر ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے


ویب ڈیسک November 30, 2017
وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے- فوٹو: فائل

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہ کونسل کے 16 ویں اجلاس میں شرکت کے لئے دورے پر روس کے شہر سوچی پہنچ گئے ہیں ۔ دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 30 نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہنے والے اجلاس میں پاکستان کےعلاوہ چین، بھارت، روس، قازقستان، کرغستان، تاجکستان اور ازبکستان کے سربراہان مملکت جب کہ ایران، افغانستان، بیلا روس اور منگولیا بطور مبصر شریک ہوں گے۔ایس سی او اجلاس کے ایجنڈے میں دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے سمیت تجارت کے فروغ جیسے معاملات شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: توانائی بحران پر قابو پالیا اب پاکستان بجلی کی اضافی پیداوار کے قابل ہوگیا

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم میں اپنے دوسرے ہم منصبوں کے ہمراہ روس کے وزیراعظم کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیے میں شرکت کریں گے۔ جس کے بعد سربراہان حکومت کی کونسل کا ابتدائی اجلاس ہوگا جس میں وزیراعظم خطاب کریں گے۔ وہ دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف جنگ اورعلاقائی امن، واستحکام اورترقی میں گہری دلچسپی سمیت شنگھائی تعاون تنظیم کے اہداف کے حوالے سے پاکستان کے عزم پر روشنی ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کا یہ پہلا اجلاس ہے جس میں پاکستان مکمل رکن کی حیثیت سے شرکت کررہاہے۔

 

مقبول خبریں