پاکستان میں ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کی نمائش پر پابندی

ویب ڈیسک  جمعرات 14 دسمبر 2017
’ٹائیگر زندہ ہے‘ 22 دسمبرکو ریلیز کی جائے گی فوٹوفائل

’ٹائیگر زندہ ہے‘ 22 دسمبرکو ریلیز کی جائے گی فوٹوفائل

کراچی: مرکزی سنسر بورڈ نے سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘کو این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد اب ملک کے سینما گھروں میں اس فلم کی نمائش نہیں ہوسکے گی۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے سلطان سلمان خان اور باربی ڈول کے نام سے مشہور اداکارہ کترینہ کیف تقریباً 5 سال  بعد فلم’ٹائیگرزندہے‘کے ذریعے ایک بار پھر دھوم مچانے آرہے ہیں۔ بھارت کے علاوہ سلمان خان کے پاکستان میں بھی لاکھوں مداح ان کی فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں لیکن مرکزی سنسر بورڈ نے فلم کی نمائش کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد اب یہ فلم ملک کے سینما گھروں کی زینت نہیں بن سکے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’ٹائیگرزندہ ہے‘ نے ’باہوبلی 2‘ کا ریکارڈ توڑدیا

چیئر مین سنٹرل بورڈ آف فلم سنسر(سی بی ایف سی)مبشر حسن کا کہنا ہے کہ فلم ’ٹائیگر زندہ ہے کو‘بھی اسی وجہ سے این او سی جاری نہیں کیا گیا جس وجہ سے اسی سیریز کی پہلی فلم’ایک تھا ٹائیگر ‘کوجاری نہیں کیا گیا تھا۔ فلم میں پاکستان کی امیج اور اس کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’ٹائیگرزندہ ہے‘ کے ولن کے بالی ووڈ میں چرچے

مبشر حسن  نے ایک اور بھارتی فلم ’ایجنٹ ونود‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس معاملے  میں ہمارا معیار بہت سخت ہے کیونکہ وہ فلمیں جو دہشت گردی جیسے موضوعات پر مبنی ہیں یا پاکستان کے قومی اداروں یا سیکیورٹی ایجنسیوں کے خلاف ہیں، ان فلموں کو لازمی سنسر ہونا پڑے گا‘۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’ٹائیگرزندہ ہے‘‘ کے پوسٹر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے

واضح رہے کہ 2012 میں ریلیز ہوئی کامیاب ترین فلم’ایک تھا ٹائیگر‘پر بھی پاکستان میں ریلیز پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ سنٹرل بورڈ آف فلم سنسرکے وائس چیئر مین محمد اشرف گوندل کا کہنا تھا کہ سلمان خان اور کترینہ کیف نےفلم میں سیکیورٹیز ایجنسیز کے ایجنٹس کا کردار نبھایاتھا جسے عوام کو دکھانا صحیح نہیں تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔