حکمراں عوام کو دہشتگردی کے سوا کچھ نہ دے سکے اورنگزیب فاروقی

اہلسنّت و الجماعت کے اجلاس میں مختلف نشستوں کیلیے امیدوارں کا اعلان.


Staff Reporter March 18, 2013
اہلسنّت و الجماعت کے اجلاس میں مختلف نشستوں کیلیے امیدوارں کا اعلان۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اہلسنّت و الجماعت کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہا ہے کہ موروثی سیاست کے علمبردار5 سالوںمیں عوام کو دہشت گردی، قتل و غارت گری، مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہ دے سکے۔

الیکشن میں حصہ لے کر عوام کو ان سے چھینے گئے حقوق واپس دلائیں گے، وہ اہلسنّت و الجماعت کے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، واضح رہے کہ مولانا اورنگزیب فاروقی این اے258 سے قومی اور پی ایس 128سے صوبائی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے، اجلاس میں مولانا پیر سید محی الدین شاہ الحسینی کو پی ایس 129سے صوبائی نشست کیلیے نامزد کیا گیا، قومی اسمبلی کی نشست این اے 239 کیلیے مولانا عبد الحمید تونسوی اور صوبائی نشست پی ایس89 سے مولانا تاج محمد حنفی کو نامزد کیا گیا۔

5

اجلاس میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 اور صوبائی نشست پی ایس92سے مفتی حبیب الرحمٰن جبکہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 241اور صوبائی نشست پی ایس 93 کی دونوں سیٹوں کیلیے ڈاکٹر محمد فیاض کو الیکشن کیلیے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں قومی اسمبلی کی نشست این اے251، 252، 253 جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی ایس89، 90، 100، 114، 115، 124، 125، 126اور 130کیلیے کمیٹی کو موصول ہونے والی درخواستوں پر غور کیا گیا تاہم ان نشستوں پر امیدوروں کے ناموں کا حتمی اعلان اگلے اجلاس میں کیا جائے گا۔