پروفیسرسبط جعفر کی تدفین قاتلوں کو گرفتار کرنیکا مطالبہ

چیف جسٹس واقعے کانوٹس لیں،ناصرعباس،سپلا کے تحت تعزیتی اجلاس منعقد


Staff Reporter March 20, 2013
پروفیسر سبط جعفر کی میت آخری آرام گاہ کی جانب لے جائی جارہی ہے، سہراب گوٹھ پل پر اہلکار تعینات ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

DOHA: معروف مرثیہ خواں پروفیسر سبط جعفر زیدی کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

جنازے کو جلوس کی شکل میں وادی حسین قبرستان لے جایا گیا،مرحوم کی نماز جنازہ مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے امروہہ گراؤنڈ انچولی میں پڑھائی، نماز جنازہ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری، مولانا شفقت شیرازی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ عباس کمیلی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ مرزا یوسف حسین، مولانا سجاد دہلوی، مولانا علی انور کے علاوہ عوام خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔



اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے نماز جنازہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں شہر قائد کا امن تباہ کیا جارہا ہے، ملک میں شیعہ و سنی کا کوئی جھگڑا نہیں، دہشت گردی ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، انھوں نے کہا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتے ہیں انھوں نے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعہ کا فوری نوٹس لیں، علاوہ ازیں سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے تحت ڈی جے سندھ گورنمنٹ سائنس کالج میں شہید پروفیسر سید سبط جعفر زیدی کے لیے ہونے والے تعزیتی اجلاس میں بڑی تعداد میں کالج اساتذہ نے شرکت کی۔