انڈر 19 ورلڈ کپ؛ پاکستان نے نمیبیا پر ہاتھ صاف کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 9 جنوری 2018
کوئی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کوئی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کرائسسٹ چرچ:  جونیئر ورلڈکپ سے قبل پاکستان انڈر 19نے نمیبیا پر ہاتھ صاف کرلیا۔

کرائسٹ چرچ میں منعقدہ پریکٹس میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر زید عالم (1) رچرڈ ٹرپائی کی گیند پر لوفٹی ایٹن کو کیچ دے بیٹھے، روحیل نذیر (18) کی وکٹیں بھی پیسر نے اڑائیں، عماد عالم 7 کو شان فوچے نے وکٹ کیپر مچل ہے کا کیچ بنوا دیا، محمد محسن خان اور علی زریاب آصف نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے مجموعہ 171 تک پہنچایا، محسن114 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ریٹائرہوگئے۔

علی زریاب آصف 59 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد میٹ ہے اور لوفٹی ایٹن کے گٹھ جوڑ کا شکار بنے، سعد خان (7) کو جان ایزاک ڈی ویلیئرز نے بولڈ کر دیا، شاہین آفریدی (1) میٹ ہے کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، محمد طحہ نے 36 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی، انھیں ڈی ویلیئرز نے بولڈ کیا، محمد موسیٰ (28) اور سلیمان شفقات (14) بھی پیسر کا شکار بنے، پاکستان نے مقررہ اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 297 رنزبنائے۔

نمیبیا کی جانب سے جان ایزاک ڈی ویلیئرز  نے 4، رچرڈ ٹرپائی اور میٹ ہے نے 2،2 جبکہ شان فوچے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 30.3 اوورز میں 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ میٹ ہے 34، لیام فوکس 18، لوفٹی ایٹن اورڈی ویلیئرز 15، 15 جبکہ عمران شاہ 10 رنز بنا سکے۔

اس کے علاوہ کوئی بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکا، محمد طحٰہ نے 12 اور شاہین آفریدی نے 18 رنز کے عوض 3،3 شکار کیے، محمد موسیٰ نے 2 جبکہ ارشد اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دیگر وارم اپ میچز میں افغانستان نے بنگلادیش کو 56 رنزسے ہرادیا، ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیوگینی کے خلاف 7 وکٹ سے کامیابی سمیٹی، میزبان نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو 52 رنزسے زیر کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔