دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ

آج کی دنیا میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے


Editorial January 09, 2018
آج کی دنیا میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔ فوٹو: فائل

عوامی جمہوریہ چین نے پاکستان پر امریکی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر انگلی اٹھانا درست نہیں، دہشتگردی کو کچلنے کی ذمے داری کسی خاص ملک پر عائد نہیں کی جا سکتی۔

بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ذمے داری تنہا پاکستان پر عائد نہیں ہوتی۔ ہم نے کئی بار یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ عالمی دہشت گردی کی اس جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا اور بڑی قربانیاں دیں، دنیا بھر کے ممالک کو باہمی اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کرنا ہوگا نہ کہ ایک دوسرے پرانگلی اٹھائی جائے۔ دہشتگردی عالمی برادری کے لیے ایک مشترکہ مسئلہ ہے اس لیے دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں بھی مشترکہ طور پر ہونی چاہئیں۔صدر ٹرمپ کے ٹویٹ کے بعد جو منظرنامہ ابھرا ہے' اس سے یہ حقیقت واضع ہو جاتی ہے کہ امریکی صدر کی پاکستان پر الزام تراشی درست نہیں ہے اور اسے پاکستان ہی نہیں بلکہ چین اور دیگر ممالک نے بھی مسترد کیا ہے۔

امریکا کے اندر بھی صدر ٹرمپ پر تنقید ہو رہی ہے۔اصل بات یہی ہے کہ آج دہشت گردی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ عالمی مسئلہ ہے۔ اس پر قابو پانے کے لیے عالمی سطح پر کوششیں درکار ہیں۔ جہاں تک افغانستان کا تعلق ہے تو یہ حقیقت امریکی انتظامیہ پر بھی واضح ہے کہ وہاں کوئی ایک گروپ کام نہیں کر رہا بلکہ طالبان ' القاعدہ اور داعش کے علاوہ بھی کئی گروپ برسرپیکار ہیں' آج کی دنیا میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے۔

ترقی یافتہ ممالک کے اسلحہ ڈیلر دنیا بھر میں پھیلے دہشت گرد گروپوں اور دیگر جرائم پیشہ گروہوں کو ہتھیار فراہم کر کے دولت کما رہے ہیں۔ شام اور عراق کے مختلف علاقوں پر قابض دولت اسلامیہ سے جن جن ملکوںکی اہم کمپنیوں نے سستے داموں تیل خریدا اس کا بھی سب کو پتہ ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان ہو یا مشرق وسطیٰ یا شمالی افریقہ اور وسطیٰ افریقہ کے ممالک میں جاری خانہ جنگی اور دہشت گردی 'اس پر قابو پانے کے لیے خلوص نیت سے عالمی سطح پر کوششیں درکار ہیں۔

مقبول خبریں