گلشن اقبالمبینہ پولیس مقابلے میں ایک ہلاک دوسرا زخمی ملزم گرفتار

ملزمان کار سے ٹیپ چوری کررہے تھے کہ بنگلے پر تعینات سی آئی ڈی اہلکاروں نے فائرنگ کردی


Staff Reporter August 08, 2012
ملزمان کار سے ٹیپ چوری کررہے تھے کہ بنگلے پر تعینات سی آئی ڈی اہلکاروں نے فائرنگ کردی. فائل فوٹو

ISLAMABAD: گلشن اقبال میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا کارکن اور ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا ملزم زخمی حالت میں گرفتار، ملزمان بلڈر کی کار سے ٹیپ چوری کررہے تھے کہ بنگلے پر تعینات سی آئی ڈی کے اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک15مہران ایکسٹینشن پلازہ نیڈ سپر مارکیٹ کے قریب بنگلہ نمبرB/63 کے باہر کھڑی ہنڈا ریوان کار کا شیشہ توڑ کر ٹیپ چوری کرنے والے2مبینہ ملزمان پر بنگلہ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ پولیس اہلکاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ایک ملزم ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا جبکہ قریب سے گزرنے والے رکشا نمبر D-17925کا ڈرائیور51سالہ زراعت خان زخمی ہوگیا، ہلاک و زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں زراعت خان دوران علاج ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق2ملزمان ایک کار کا شیشہ توڑ کر ٹیپ چوری کررہے تھے موقع پر موجود ایک شخص کی اطلاع پر پولیس اہلکار پہنچ گئے، پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں قریب سے گزرنے والے رکشے کا ڈرائیور51 سالہ زراعت خان زخمی ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا ملزم زخمی ہوگیا، پولیس نے ملزمان اور مضروب کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں رکشا ڈرائیور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

ہلاک ہونے والے مبینہ ملزم کی شناخت20سالہ شیر محمد ولد عبد الغنی اور زخمی ملزم نے اپنا نام 18سالہ گل بدین ولد آدم خان بتایا، مبینہ ملزمان سپرہائی وے گنا منڈی کے رہائشی ہیں، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے رہنما سہیل رضا عابدی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول زراعت خان نارتھ ناظم آباد پہاڑ گنج عمر فاروق کالونی مکان نمبر11/51کا رہائشی ہے ،جبکہ مقتول پیپلز پارٹی PS-103 کا کارکن تھا، پولیس ذرائع کے مطابق جس کار سے مبینہ ملزمان ٹیپ چوری کررہے تھے وہ بلڈر جمال کی ہے، بلڈر جمال کو سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل کے ایس ایس پی چوہدری محمد اسلم خان نے سیکیورٹی کیلیے2پولیس اہلکار بطور گارڈ فراہم کیے ہوئے تھے۔