پاکستان نے بھارت سے سیریزکی امیدیں چھوڑ دیں

ویسٹ انڈیز سے تفصیلات جلدطے کرنے کی بات،زمبابوے سے میچزری شیڈول ہونگے.


Saleem Khaliq March 23, 2013
ویسٹ انڈیز سے تفصیلات جلدطے کرنے کی بات،زمبابوے سے میچزری شیڈول ہونگے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: اگست میں بھارت کے ساتھ سیریز کی امیدیں چھوڑ کر پاکستان دیگر آپشنز تلاش کرنے لگا۔

ویسٹ انڈیز سے کہا گیا ہے کہ وہ دو حصوں میں منقسم سیریزکی مزید تفصیلات جلد طے کرے، باقی رہ جانے والے میچز کی تاریخیں فائنل کرنے پر ہی پہلا ٹور کیا جائے گا، زمبابوے سے ملتوی شدہ سیریز بھی ری شیڈول کرنے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق تعلقات میں بہتری کے بعد رواں برس پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا، پی سی بی کو امید تھی کہ بھارتی ٹیم بھی اگست میں جوابی سیریز کھیلے گی، مگر سرحدی کشیدگی کے بعد سے پاک بھارت تعلقات نارمل نہیں ہو پائے،مزید چند ناخوشگوار واقعات نے معاملات مزید بگاڑ دیے۔

بھارتی حکومت نے اپنی ہاکی ٹیم کو پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے بھی روک دیا، ایسے میں اب اس بات کا امکان انتہائی معدوم ہے کہ اگست میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کوئی باہمی سیریز ہو پائے، پاکستان کو بھی حقیقت کا اندازہ ہے اسی لیے دیگر آپشنز دیکھنے شروع کر دیے، ذرائع نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے ساتھ میچز پر غور جاری ہے، پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد جون کے اواخر میں کیریبیئن جزائر جا کر جولائی تک 2ٹیسٹ،5 ون ڈے اور 2 ٹوئنٹی 20میچز میں حصہ لینا تھا، ویسٹ انڈین بورڈ نے زیادہ مالی فائدے کیلیے28جون سے9جولائی تک بھارت اور سری لنکا کے ساتھ ٹرائنگولر سیریز رکھ لی

2

ساتھ پاکستان سے سیریز دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے پہلے جولائی کے درمیانی حصے سے2ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا، اس کی حتمی تاریخیں ابھی طے نہیں ہوئی ہیں، ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی پہلے ویسٹ انڈیز سے محدود اوورز کے میچز کی بھی تاریخیں فائنل کرنا چاہتا ہے اسی کے بعد ٹیسٹ ٹور کی تصدیق کرے گا۔ اسی طرح پاکستان نے دورئہ بھارت کے لیے دسمبر، جنوری میں زمبابوے کا ٹور ملتوی کر دیا تھا، اب اسے بھی ری شیڈول کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے، پی سی بی ٹیم کی فراغت کے دنوں میں زمبابوے سے سیریز فائنل کر لے گا،یاد رہے اکتوبر میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کی میزبانی کرنا ہے، یہ سیریز ممکنہ طور پر یو اے ای میں ہو گی۔

مقبول خبریں