آئی سی سی ایوارڈز؛ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جیت بہترین لمحہ قرار

ویب ڈیسک  جمعرات 18 جنوری 2018
پاکستان کے حسن علی نے ایمرجنگ کیٹگری میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا

پاکستان کے حسن علی نے ایمرجنگ کیٹگری میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا

 دبئی: آئی سی سی نے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا ہے جس میں پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں جیت کو بہترین لمحہ قرار دیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا  ہے جس کے مطابق پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں فتح کو بہترین لمحہ قرار دیا گیا ہے جب کہ پاکستان کے حسن علی ایمرجنگ کیٹگری میں بہترین کھلاڑی قراردیے گئے ہیں، افغانستان کے راشد خان کو بہترین ایسوسی ایٹ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا ہے۔

https://twitter.com/ICC/status/953855834311684096

اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارت کو دھول چٹا کرپاکستان کرکٹ کا چیمپئن بن گیا

https://twitter.com/ICC/status/953858394749681664

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے آئی سی سی سرگیری سوبرز ٹرافی اور ون ڈے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، ویرات کوہلی نے سال میں 76 کی اوسط سے 6 سنچریاں بنائیں اور 202 ون ڈے میچوں میں 55.74 کی اوسط سے بیٹنگ کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے علاوہ آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے، انہوں نے 16 ٹیسٹ میچز میں 1875 رنز اسکور کیے۔

https://twitter.com/ICC/status/953861263087493121

جنوبی افریقا کے ایراسمس نے مسلسل دوسرے سال بہترین امپائر کا ایوارڈ اپنے نام کیا جب کہ بھارت کے یویندرز چہل کو ٹی 20 پرفارمنس آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بھی ویرات کوہلی کو ہی مقرر کیا ہے، ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں جب کہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں بابر اعظم اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

https://twitter.com/ICC/status/953869509739167744

آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم میں جنوبی افریقا کے کوائنٹن ڈی کوک، ڈین ایلگر، کگیسو رابادا، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، مچل اسٹارک، انگلینڈ کے بین اسٹوکس، جیمز اینڈرسن جب کہ بھارت سے ویرات کوہلی، چتیشور پجارا اور روی چندرن ایشون کو شامل کیا گیا ہے۔

https://twitter.com/ICC/status/953868601760481285

آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور ٹرینٹ بولٹ، پاکستان کے بابر اعظم اور حسن علی، بھارت کے روہت شرما، ویرات کوہلی اور جسپریت بمرا، جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز اور کوائنٹن ڈی کوک، انگلینڈ کے بین اسٹوک اور افغانستان سے راشد خان کو شامل کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔