بھارتی حکومت کا وڈا فون کے لائسنسز کی توسیع سے انکار

دہلی، ممبئی اور کولکتہ کے لائسنسز کیلیے بھارتی ایئرٹیل کو بھی نئی بولی دینے کا حکم۔


AFP March 24, 2013
معاہدے کے تحت لائسنسز کی تجدیدحق ہے، برطانوی کمپنی، بھارتی فیصلے پر اظہار افسوس۔

بھارتی حکومت نے برطانوی موبائل فون کمپنی وڈافون کی بھارتی شاخ کے لائسنسز میں توسیع دینے سے انکار کردیا ہے۔

کمپنی کو بتایا گیا ہے کہ اس کے 3 بڑے شہروں کے لیے لائسنسز کو توسیع نہیں دی جاسکتی اور کمپنی کو نئی بولی دینا ہوگی۔ مقامی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے موبل سیکٹرلیڈر بھارتی ایئرٹیل کے ان ہی 3 بڑے شہروں کے لائسنسز میں بھی توسیع سے انکار کردیا ہے۔ وڈافون سے جاری بیان کے مطابق کمپنی کو دہلی، ممبئی اور کولکتہ سروسزایریاز کے لیے لائسنسز میں توسیع کی درخواست مسترد کیے جانے پر سخت مایوسی ہوئی ہے۔

5

یاد رہے کہ وڈا فون اور بھارتی ایئرٹیل کمپنیاں گزشتہ 20 سال سے ان 3 شہروں میں آپریٹ کررہی ہیں اور ان کے لائسنسز کی میعاد نومبر 2014 میں ختم ہونے والی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت ٹیلی کام نے وڈا فون کو بتایا ہے کہ جب تک کمپنی نیلامی میں حصہ لے کر اپنی بولی کی تصدیق نہیں کرائے گی تب تک وہ وائرلیس لائسنس کی مستحق نہیں ہو گی۔

وڈافون کا کہنا ہے کہ دوطرفہ معاہدے کے تحت لائسنس کو توسیع دینی چاہیے مگر بھارتی حکومت کے فیصلے سے کمپنی کے مارکیٹ میں اس وقت داخلے اور کردار کا اعتراف نہیں کیاگیا جب بھارت میں موبائل ٹیلی فونی کا کوئی تصور ہی نہیں تھا، کمپنی نے نیٹ ورک قائم کرنے کیلیے بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔گزشتہ ماہ دونوں کمپنیوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے مذکورہ تینوں شہروں میں موبائل ایئرویوز فروخت کرنے کے حکم کو عدالت میں چیلنج کیاتھا۔