اوپی آئی سی پاکستان میں ونڈ پاور پراجیکٹ کی فنڈنگ کریگی

پاکستان اور پیرو میں 2 ونڈ پاور پراجیکٹس کیلیے 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی۔


Online March 24, 2013
اوپی آئی سی فیسلیٹی سے گھارو کیٹی بندر کوریڈور میں 50 میگاواٹ کاونڈ پاور پلانٹ لگایا جائیگا۔ فوٹو: فائل

اوورسیز پرائیویٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن (اوپی آئی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان اور پیرو میں 2 ونڈ پاور پراجیکٹس کیلیے 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی۔

متبادل توانائی ترقیاتی بورڈ (اے ای ڈی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اوپی آئی سی صدر اور سی ای او الزبتھ ایل لیٹل فیلڈ نے کہاہے کہ اوپی آئی سی اپنی توانائی پیداوار کو متنوع بنانے کیلیے متبادل توانائی کے ذرائع کوبھی شامل کرے گی، ونڈ پاور پراجیکٹس سے دونوں ملکوں کو بجلی کی طلب پوری کرنے کیلیے اپنی متبادل توانائی پوٹیشنل سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی، ہم ان پراجیکٹس کی تکمیل میں امریکی کمپنیوں کے ساتھ شراکت کریںگے۔ انھوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلیے صاف اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی ضروری ہے۔

اوپی آئی سی کریڈٹ فیسلیٹی سے گھارو کیٹی بندر ونڈ کوریڈور میں 50 میگاواٹ کا ونڈ پاور پلانٹ تعمیر کرنے میں مدد ملے گی جس سے سالانہ 133 گیگا واٹ کی ماحول دوست بجلی ملے گی، جی ای ونڈ ٹربائن کے استعمال سے سفائرونڈ پاور پلانٹ پاکستان کو اپنی بجلی کی پیداوار کو مہنگے فیول آئل سے ہٹ کر قابل تجدید توانائی پوٹینشل کے وسیع ذرائع کے ذریعے متنوع بنانے میں مدد فراہم کرے گا، صرف گھارو کیٹی بندر ونڈ کوریڈور میں 1 لاکھ32 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے جو 2010 میں پوری دنیا میں ہوا سے بجلی کی پیداواری صلاحیت کے برابرہے۔ یاد رہے کہ ونڈ پاور سیکٹر میں نجی شعبہ سرمایہ کاری کررہا ہے۔

6

اے ای ڈی بی کے چیف ایگزیکٹوآفیسر عارف علاؤالدین کے مطابق فی الوقت 3200 میگاواٹ واٹ بجلی کے 45 ونڈ پاورپراجیکٹس پرکام جاری ہے، ایف ایف سی انرجی لمیٹڈ اور زولوانرجی پاکستان کے 49.5 اور56میگاواٹ کے 2منصوبے جھمپیر میں پایہ تکمیل کوپہنچ چکے ہیں جبکہ تھری جارجز فرسٹ ونڈفارم پاکستان لمیٹڈ، فاؤنڈیشن ونڈ انرجی۔I لمیٹڈ اور فاؤنڈیشن ونڈ انرجی۔II پرائیویٹ لمیٹڈ نامی 3منصوبے زیرتعمیر ہیں۔ اوپی آئی سی کی فنانسنگ کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ وہ پاکستانی منصوبوں کیلیے اوپی آئی سی فنڈنگ کیلیے کوششیں کررہے تھے اور اب یہ فنڈنگ آنے پر وہ خوش ہیں۔

یاد رہے کہ اوپی آئی سی پاکستان میں ایس ایس جے ڈی انرجی کے 12 میگاواٹ کے قابل تجدیدانرجی پراجیکٹ کی فنڈنگ پہلے ہی کررہا ہے، سفائر کے بعد ترک کا فینا انرجی پاکستان کیلیے اوپی آئی سی کا نیا منصوبہ ہوگا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ 2 سال کے دوران صرف ٹھٹھہ میں ونڈ سیکٹر پر 2ارب ڈالر سے سرمایہ کاری ہوگی اور جیسے ہی سولرٹیرف کااعلان کیا جائیگا تو اس سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔

مقبول خبریں