سنی لیون کا مومی مجسمہ بھی اب مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنے گا

ویب ڈیسک  جمعـء 19 جنوری 2018
سنی لیون اپنا مجسمہ مادام تساؤ میوزیم میں لگنے کی وجہ سے بہت پرجوش ہیں، فوٹو فائل

سنی لیون اپنا مجسمہ مادام تساؤ میوزیم میں لگنے کی وجہ سے بہت پرجوش ہیں، فوٹو فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سنی لیون کا مومی مجسمہ مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنے گا۔

لندن کے مقبول ترین مادام تساؤ میوزیم میں دنیا بھر کے ان فنکاروں اور مشہور شخصیات کے مجسمے لگائے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے اپنے شعبے میں غیر معمولی کامیابیاں سمیٹیں۔ میوزیم انتظامیہ نے گزشتہ برس بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی مادام تساؤ میوزیم کا افتتاح کیا تھا جس میں بھارت کے متعدد فنکاروں کے مجسمے نصب ہیں۔

ہر سال میوزیم انتظامیہ کی جانب سے ووٹنگ کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے جس میں لوگ ووٹ کرکے بتاتے ہیں کہ وہ کس مشہور شخصیت کا مومی مجسمہ میوزیم میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ دہلی میں موجود مادام تساؤ میوزیم میں بالی ووڈ کے کئی اداکاروں کے مجسے موجود ہیں جن میں امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، ایشوریا رائے، کرینہ کپور، سلمان خان، مادھوری ڈکشٹ  وغیرہ شامل ہیں اور اب سنی لیون کا مومی مجسمہ بھی مادام تساؤ کی زینت بنے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنی لیون نے ہندو انتہا پسندوں کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے

بھارتی میڈیا کے مطابق میوزیم انتظامیہ کی جانب سےایک ٹیم لندن سے چند روز قبل ممبئی آئی تھی جنہوں نے سنی لیون سے مل کر ان کے متعلق تفصیلات لینے کے ساتھ ان کی تصاویر بھی لیں۔ اپنے مومی مجسمے کے حوالے سے سنی لیون کا کہنا تھا کہ  یہ میرا پہلا مجسمہ ہے جودہلی میں مادام تساؤ میوزیم میں رکھا جائے گا لہٰذا میں بہت پرجوش ہوں۔ اس کے علاوہ میں اپنے مداحوں کا ردعمل دیکھنے کے لیے بھی بے چین ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔