آکلینڈ ٹیسٹ کیویز کی کاری ضربیں انگلینڈ دباؤ کا شکار

50 پر 2 وکٹیں گنوادیں، میزبان پہلی اننگز میں 443 پر آؤٹ، فن نے 6 پلیئرز کو رخصت کیا۔


AFP/Sports Desk March 24, 2013
آکلینڈ: کیوی کپتان برینڈن میک کولم کٹ شاٹ کے ذریعے گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھارہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آکلینڈ ٹیسٹ میں کیویز نے کاری ضربیں لگا کر انگلینڈ کو دباؤ کا شکار کر دیا۔ مہمان ٹیم دوسرے روز 50 رنز پر2 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

ٹرینٹ بولٹ نے دونوں پلیئرز کو میدان بدر کیا، قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز کا443 رنز پر اختتام کیا، پیٹر فلٹن نے 136 اور کین ولیمسن نے91 رنز اسکور کیے، فن نے کیریئر کی بہترین بولنگ کا ریکارڈ برابر کرتے ہوئے125رنز دے کر 6 وکٹیں لیں، وکٹوں کے عقب میں پرائر نے5 کیچز تھامے۔

تفصیلات کے مطابق آکلینڈ ٹیسٹ میں ٹریور بولٹ کے ابتدائی حملوں سے انگلش ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی، پیسر نے مہمان کپتان کک (4) کو وکٹوں کے عقب میں واٹلنگ کا کیچ بنوایا، کیویز نے ریویو کی مدد سے فیصلہ اپنے حق میں تبدیل کرایا، ٹروٹ (27) ایل بی ڈبلیو ہوئے، 44 پر 2 وکٹیں لے کر میزبان سائیڈ ایڈوانٹیج حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جس وقت نک کامپٹن (12) اور ای ین بیل (6) ناٹ آؤٹ پویلین گئے تو2 وکٹ پر 50 رنز بنانیوالی ٹیم کو مزید393 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔

5

قبل ازیں کیویز چائے کا وقفہ ختم ہونے کے کچھ دیر بعد443 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے،ایک وکٹ پر250 رنز سے کھیل کا آغاز کرنے والی میزبان ٹیم ابتدائی سیشنز میں3 پلیئرز سے محروم ہوئی، کین ولیمسن نے سنچری سے 9 رنز قبل وکٹ گنوا دی، وہ 91 رنز پر اینڈرسن کا نشانہ بنے،انھوں نے پیٹر فلٹن کے ساتھ 181 رنز جوڑے، اوپنر دوسرے روز اپنے اسکور میں صرف 12رنز کا اضافہ کرسکے،136 رنز پر انھیں فن نے پویلین واپسی پر مجبور کیا۔

جس وقت روس ٹیلر نے مونٹی پنیسر کو ریٹرن کیچ دیا ان کا اسکور محض 19رنز تھا،براؤنلی (36) اور برینڈن میک کولم (38) نے68رنز کی شراکت کی مگر کپتان اور ساتھی پلیئر7رنز کے دوران وکٹیں گنوا بیٹھے، ٹم ساؤتھی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے33 گیندوں پر44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،انھیں فن نے میٹ پرائر کا کیچ بنوایا، پیسر نے مارٹن (2) اوربولٹ (صفر) کی وکٹیں بھی حاصل کیں، انھوں نے125رنز دے کر6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔