پنجاب یونیورسٹی ہنگامہ آرائی؛ طلبہ تنظیموں کے کارکنوں پر دہشت گردی کے مقدمات درج

ویب ڈیسک  منگل 23 جنوری 2018
پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان ہنگامہ آرائی پر 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان ہنگامہ آرائی پر 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

 لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں ہنگامہ آرائی کے واقعات پر طلبہ تنظیموں کے 15 نامزد کارکنان اور 100 نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں کے درمیان ہنگامہ آرائی پر 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں، پہلا مقدمہ چیف سیکورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید کی مدعیت میں درج کیا گیا جب کہ دوسرا مقدمہ ایس ایچ او نواکوٹ خواجہ حسن اور تیسرا مقدمہ ایس ایچ او ساندہ ملک تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم، شعبہ الیکٹریکل کو آگ لگادی گئی

ایف آئی آر طلبہ تنظیموں کے 15 نامزد کارکنان اور 100 نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے، ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔ دوسری جانب طلبہ تنظیم کے کارکن آج ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل آئے اور یونیورسٹی کے ارد گرد کی سڑکوں کو بلاک کر دیا جب کہ گاڑیاں روکنے پر طلبہ کا شہریوں کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں 2 طلبہ تنظیموں کے درمیان تصادم کے بعد مشتعل طلبہ نے الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کرکے آگ لگا دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔