آکلینڈ نے فورڈ ٹرافی فائنل میں جگہ بنالی منرو کی سنچری

کینٹربری کو 128رنز کے بھاری مارجن سے شکست ، ویلنگٹن بھی فتحیاب۔


Sports Desk March 25, 2013
کینٹربری کو 128رنز کے بھاری مارجن سے شکست ، ویلنگٹن بھی فتحیاب. فوٹو: اے ایف پی

کولن منرو کے جارحانہ 118 رنز کی بدولت آکلینڈ نے کینٹربری کو 128رنز کے بھاری مارجن سے پچھاڑ کر فورڈ ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنالی، فیصلہ کن معرکہ 31 مارچ کو شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے بیٹنگ کرنے والی آکلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹ پر 314 کا مجموعہ ترتیب دیا،اوپنر دوسان ہاکارایا صرف 10 رنز بناسکے، وکٹ کیپر کپتان گیراتھ ہوپکنز اور کریگ کیچوپا نے تیسری وکٹ کی پارٹنر شپ میں 57 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالادیا، کولن منرو اور ڈونووان گروبیلار نے اسکور کو مستحکم کرنے کیلیے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز جوڑے، منرو 81 گیندوں پر 9 چوکوں اور 6 چھکوں سے مزین شاندار 118 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کینٹر بری کے ریان میک کون نے 48 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

9

جوابی اننگز میں آکلینڈ کے سیمرز کرس مارٹن اور کائل ملز نے حریف بلے بازوں کو آسانی سے کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور نصف ٹیم کو صرف 87 رنز پر میدان بدر کردیا، شینن اسٹیوارٹ (71) اور کول میک کونچائی (30) ہی وہ بیٹسمین تھے جنھوں نے کچھ ہمت دکھائی ۔ کینٹربری کی پوری بیٹنگ لائن صرف 186 رنز ہی بناسکی۔ کرس مارٹن نے 21 رنز کے بدلے 5 وکٹیں لیں، کینٹر بری کو اب27 مارچ کو میجر پریلیمنری فائنل میں دوسرا موقع ملے گا جہاں انھیں ویلنگٹن سے پنجہ آزمائی کرنا ہوگی۔ ویلنگٹن نے بیسن ریزرو پر ناردرن ڈسٹرکس کو 8 وکٹوں سے زیر کیا۔

ناردرن ڈسٹرکٹس کے اوپنرز نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 97 کا مجموعہ سجایا۔ لیکن باقی کھلاڑی صرف 43 کے اضافے سے ڈریسنگ روم پہنچ گئے۔ پوری ٹیم 140 کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔ جیتن پٹیل نے 21 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ جواب میں ویلنگٹن نے کھیل کا آغاز اچھے انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنے۔ مائیکل پیپس کی روانگی کے بعد لیوک رونچی اور گرانٹ ایلیوٹ نے دوسری وکٹ کی ساجھے داری میں 144 رنز بنائے ۔ رونچی نے 59 بولوں پر شاندار 76 رنز بنائے۔