روزنامہ ایکسپریس اسلام آباد یونائیٹیڈ کا آفیشل میڈیا پارٹنر بن گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 26 جنوری 2018
 اسلام آباد یونائیٹیڈ کے اونر علی نقوی اور ایکسپریس نیوز کے سی ای اواعجاز الحق نے معاہدے پردستخط کیے۔ فوٹو : ایکسپریس

اسلام آباد یونائیٹیڈ کے اونر علی نقوی اور ایکسپریس نیوز کے سی ای اواعجاز الحق نے معاہدے پردستخط کیے۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: روزنامہ ایکسپریس پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز اسلام آباد یونائیٹیڈ کا آفیشل میڈیا پارٹنر بن گیا ہے۔

کراچی میں ایک پروقار تقریب میں دونوں اداروں کے درمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے، اس موقع پر روزنامہ ایکسپریس کی جانب سے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مارکیٹنگ اظفر محمود نظامی اور اسپورٹس ایڈیٹر سلیم خالق، اسلام آباد یونائیٹیڈ کے سی او او شعیب نوید اور اسسٹنٹ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد و دیگر بھی موجود تھے، دونوں اداروں کی جانب سے باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے، اسلام آباد یونائیٹیڈ کے اونر علی نقوی اور ایکسپریس نیوز کے سی ای او اعجاز الحق نے معاہدے پردستخط کیے، معاہدے کے مطابق اسلام آباد یونائیٹیڈ اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کے لیے خبروں تک رسائی اور دیگر سماجی و تفریحی سرگرمیوں کے لیے روزنامہ ایکسپریس سے اشتراک کرے گی، یہ پارٹنر شپ فرنچائز، اس کے کھلاڑیوں اور مداحوں کے درمیان پل کی مانند ہوگی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ایکسپریس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آفیشل میڈیا پارٹنر بن گیا

اسلام آباد یونائیٹیڈ کے روح رواں علی نقوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگلے پی ایس ایل سیزن کے لیے روزنامہ ایکسپریس کے ساتھ پارٹنر شپ پر فخر ہے، ایکسپریس پرنٹ میڈیا کی دنیا میں مستند حیثیت رکھتاہے، ایکسپریس کے کھیلوں کے صفحات قارئین کے لیےدلچسپی اور توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ہم باہمی اشتراک سے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے آگے بڑھیں گے اور اپنے مداحوں کو بہترین تفریح کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے، دونوں اداروں کا بنیادی مقصد ملک میں کھیلوں کی ترقی اور عالمی سطح پر پاکستان کے سافٹ امیج کو بہتر بنانا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹیڈ کے اونر علی نقوی کا کہنا تھا کہ یہ پارٹنر شپ مقصد کے حصول میں اہم ثابت ہوگی، روزنامہ ایکسپریس اور اسلام آباد یونائیٹیڈ باہمی اشتراک اور تعاون سے اپنی کاوشوں کو تقویت دیں گے، قبل ازیں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے دونوں سیزن میں اسلام آباد یونائیٹیڈ نے بہترین کارکردگی پیش کی، اب پی ایس ایل تھری کے حوالے سے بھی اچھی توقعات وابستہ ہیں، اسلام آباد یونائیٹیڈ کے اسکواڈ میں عالمی شہرت کے حامل قومی کرکٹرز کے ساتھ معروف غیرملکی انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہم نے ہمیشہ نئے اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے اور آئندہ بھی اسی اصول پر کاربند رہ کر اپنی تجربہ کار منیجمنٹ کی معاونت سے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔

علی نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹیڈ کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کے ساتھ اپنی سماجی زمہ داری ادا کرتے ہوئے تعلیم اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بھی سرگرم عمل ہے جب کہ پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں منعقد کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔