نہال ہاشمی دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  جمعـء 2 فروری 2018
نہال ہاشمی کو دل کی تکلیف کے باعث جیل اسپتال منتقل کر دیا گیا،جیل حکام؛ فوٹوفائل

نہال ہاشمی کو دل کی تکلیف کے باعث جیل اسپتال منتقل کر دیا گیا،جیل حکام؛ فوٹوفائل

 راولپنڈی: مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو دل کی تکلیف کے باعث اڈیالہ جیل کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توہین عدالت کیس میں سزا پانے والے (ن) لیگی رہنما نہال ہاشمی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ نہال ہاشمی کو دل کی تکیلف کے باعث جیل اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نہال ہاشمی توہین عدالت پر 5 سال کیلئے نااہل

سپریم کورٹ نے گزشتہ روز نہال ہاشمی کو توہین عدالت کیس میں ایک ماہ قید اور50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی اور انہیں عدالت سے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ ابھی نہال ہاشمی کو جیل میں صرف ایک دن ہی ہوا تھا کہ انہیں دل میں تکلیف کی شکایت پیدا ہوگئی جس کے باعث انہیں جیل اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے نہال ہاشمی کو ڈی نوٹیفائی کردیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات سے قبل نہال ہاشمی کی نشست پر ضمنی الیکشن کرایا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شریف خاندان کا احتساب کرنے والوں پرزمین تنگ کردیں گے

واضح رہے کہ نہال ہاشمی نے 28 مئی 2017 کو تقریر میں پاناما فیصلہ سنانے والے ججوں کوسنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں جس کے بعد چیف جسٹس نے نہال ہاشمی کی تقریر پر 31 مئی کو ازخود نوٹس لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔