فٹبال ورلڈکپ میزبان برازیل کی تیاریاں مزید مشکلات کا شکار

چھت میں مسائل کی وجہ سے ریوڈی جنیریو کا اسٹیڈیم غیرمعینہ مدت تک بند.


Sports Desk March 28, 2013
چھت میں مسائل کی وجہ سے ریوڈی جنیریو کا اسٹیڈیم غیرمعینہ مدت تک بند. فوٹو: اے ایف پی

SIALKOT: ورلڈکپ اور اولمپکس کی میزبانی کیلیے برازیل کی تیاریاں مزید مشکلات کا شکار ہو گئیں۔

چھت میں مسائل کی وجہ سے حکام نے ریوڈی جنیریو کے اسٹیڈیم کو غیر معینہ مدت تک کیلیے بند کر دیا، یہاں 2016 گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں کا انعقاد ہونا ہے،اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے میں بھی مسائل اور نقائص پائے گئے ہیں، شہر کے میئر ایڈیارڈو پائس نے اس حوالے سے کہا کہ بوٹا فوگو فٹبال کلب کے ہوم گرائونڈ جائو ہیویلینج اسٹیڈیم کو مسئلہ حل ہونے تک بند ہی رکھا جائے گا،6 سال قبل تعمیر ہونے والے وینیو پر فٹبال میچز کا انعقاد ہوتے رہتا تھا۔

ماراکانا اسٹیڈیم بھی آئندہ سال منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کیلیے مرمت کے عمل سے گزر رہا ہے،ایسے میں جائو ہیویلینج اسٹیڈیم کا بند ہونا برازیل کے لیے ایک اور شرمندگی کی بات ہے، حکام نے اس بات کا بھی اعتراف کیاکہ میریکانہ اسٹیڈیم کی مرمت میں رقم کی کمی کے سبب تاخیر ہو رہی ہے، وہاں ورلڈکپ کا افتتاحی مقابلہ ہونا ہے۔یاد رہے کہ برازیل کو12 جون سے13 جولائی 2014تک فٹبال ورلڈکپ کی میزبان کرنی ہے،اس سے قبل 1950 میں بھی یہاں میگا ایونٹ کا انعقاد ہو چکا ہے۔



2016 کے اولمپکس مقابلے بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہوں گے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ یاد رہے کہ فیفا کے جنرل سیکریٹری جیروم والکے پہلے ہی اقرار کر چکے کہ اگر ریو کی علامت ماراکانا اسٹیڈیم جون کے کنفیڈریشن کپ کیلیے تیار نہ ہوا تو ان کے پاس کوئی پلان بی نہیں ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسٹیڈیم کی دوبارہ تعمیر شیڈول سے بہت پیچھے ہے، گذشتہ دنوں زبردست بارش کی وجہ سے بیشتر حصوں میں پانی کھڑا ہوگیا جس کی وجہ سے فیفا کامعائنہ ٹور بھی ملتوی کرنا پڑا تھا۔ والکے نے میڈیاکو بتایاکہ ہم نے 6 اسٹیڈیمز کے لیے پہلے ہی سے ٹکٹ فروخت کردیے،اب تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ سیلاب کے خدشات اور تعمیری کاموں میں کوتاہیوں کے باوجود ماراکانا اسٹیڈیم جون میں کنفیڈریشن کپ کیلیے تیار ہوجائے گا۔ والکے نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ریو کے گورنر سرجیو کیبرال نے ہمارے اجلاس میں دوبارہ تصدیق کردی کہ ماراکانا کو27 اپریل2013 تک کھول دیا جائے گا۔