سزا و جزا کا تمام اختیار اب عوام کے پاس ہے شاہی سید

خطرات کے باوجود الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے،پریس کانفرنس سے خطاب


Staff Reporter March 28, 2013
خطرات کے باوجود الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے،پریس کانفرنس سے خطاب. فوٹو: فائل

KARACHI: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت نے 5 سال مکمل کر لیے اور ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاق میں غیر جانب دار نگراں وزیراعظم اور چاروں صوبوں میں بھی غیر جانب دار نگراں وزرائے اعلیٰ کا تقرر اتفاق رائے سے کیا جا چکا ہے۔

تمام سیاسی پارٹیاں اپنے احتساب کے لیے عوام کی عدالت میں پیش ہونے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اب سزا و جزا کا تمام تر اختیار عوام کو حاصل ہے کیوں کہ جمہوریت میں طاقت کا اصل سر چشمہ عوام ہوتے ہیں، وہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، شاہی سید نے کہا کہ ، تمام تر خطرات اور مشکلات کے باوجود ہم نے سندھ بھر سے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کیا ہے اور سندھ بھر سے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے، انھوں نے پارٹی امیدواروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بڑے انتخابی جلسوں کے بجائے گھر گھر جاکر عوامی رابطہ مہم شروع کریں۔