مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی چھاؤنی پر حملے میں 2 اہلکار ہلاک، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 فروری 2018
ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا ایک جے سی او مدن لال بھی شامل ہے۔ فوٹو:انڈین ایکسپریس

ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا ایک جے سی او مدن لال بھی شامل ہے۔ فوٹو:انڈین ایکسپریس

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی چھاؤنی پر حملے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں جموں شہر کے مضافات میں قائم بھارتی فوجی چھاؤنی ’سنجوان‘ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے اندر گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا ایک جے سی او مدن لال بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں افضل گرو کی برسی پر ہڑتال مظاہرے، حریت قیادت نظر بند

واقعے کی اطلاع ملنے پر بھارتی فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں سے کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا تاہم کسی حملہ آور کے مارے جانے کی خبر نہیں ملی۔ بھارتی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی جو چھاؤنی میں فوجیوں کے رہائشی کوارٹرز کی جانب موجود تھے اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہوں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز حریت رہنما افضل گرو کی پانچویں برسی تھی جس کے موقع پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔