آغا خان تعلیمی بورڈ انتخابات کے روز امتحانی پرچے شیڈول کردیے گئے

11مئی کو ہونے والے پرچے ’’ری شیڈول‘‘ کردیے جائیں گے،بورڈ ،طلبہ میں بے چینی


Staff Reporter March 29, 2013
11مئی کو ہونے والے پرچے ’’ری شیڈول‘‘ کردیے جائیں گے،بورڈ ،طلبہ میں بے چینی فوٹو: فائل

KARACHI: آغا خان تعلیمی بورڈ کی جانب سے جلد با زی میں بنائے گئے امتحانی ٹائم ٹیبل میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات عام انتخابات کے روز 11مئی کوشیڈول کردیے گئے ہیں۔

جس کے باعث آغا خان تعلیمی بورڈ کے تحت امتحان دینے والے میٹرک اور انٹر کے طلبہ وطالبات میں شدید بے چینی پائی جا تی ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات ہفتہ 11مئی کو منعقد کرنے کا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے جس کے بعد صوبے کے سرکاری تعلیمی بورڈز نے انٹر کے امتحانات ''ری شیڈول''کردیے ،میٹرک کے امتحانات بھی انتخابات کی تاریخ کو ملحوظ خاطر رکھ کر شیڈول کیے گئے ہیں۔



تاہم آغا خان تعلیمی بورڈکی جانب سے امتحانات کا شیڈول عام انتخابات کی تاریخ کوصرف نظر کرتے ہوئے جلد بازی میں جاری کردیا گیا ، مذکورہ تاریخ کونویں ، دسویں ،گیارہویں اور بارہویں چاروں جماعتوں کے پرچے شیڈول کیے گئے ہیں تاہم آغا خان تعلیمی بورڈ کے شعبہ تعلقات عامہ نے موقف اختیار کیا کہ شیڈول پرنظرثانی کی جارہی ہے اور اسے جلد تبدیل کردیا جا ئے گا۔

''ایکسپریس'' کے رابطہ کرنے پر شعبہ تعلقات عامہ کے نمائندے کا کہنا تھا کہ شیڈول انتخابات کی تاریخ کے اعلامیے سے قبل ہی جاری کیا جا چکا تھا، نظرثانی کرکے 11مئی کو ہونے والے پرچے ''ری شیڈول'' کردیے جائیں گے۔