الیکشن سے قبل نیا اتحاد وجود میں آجائے گا غوث علی شاہ
موجودہ حکومتی اتحاد ناکام اور اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کامیاب ہوگا۔
KARACHI:
مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بڑے سیاسی اتحاد کیلیے کوشاں ہے، الیکشن سے قبل نیا اتحاد وجود میں آجائے گا، مسلم لیگ (ن) کے تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، موجودہ حکومتی اتحاد ناکام اور اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کامیاب ہوگا۔
یہ بات انھوں نے شمسی سوسائٹی ملیر میں رانا انتظار اور رانا ابرار کی جانب اپنے اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر کے اعزاز میں دیے گئے افطار عشائیے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا، رانا احسان، عصمت انور محسود، بلال اعجاز شفیع اور دیگر رہنما بھی موجود تھے، سید غوث علی شاہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات سیاسی جماعتوں کے درمیان نہیں اتحادوں کے درمیان لڑے جائیں گے۔
موجودہ حکومت کی بدترین کارکردگی کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کامیاب ہوگا، انھوں نے کہا کہ پیر پاگارو سے بھی ہمارا رابطہ ہے، موجودہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور نواز شریف کی جانب دیکھ رہے ہیں۔