انتظار قتل کیس کی تحقیقات کیلیے نئی جے آئی ٹی قائم

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو سربراہی سونپ دی گئی، نوٹیفکیشن جاری، 15 روز میں واقعے کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت


Staff Reporter February 13, 2018
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو سربراہی سونپ دی گئی، نوٹیفکیشن جاری، 15 روز میں واقعے کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: ڈیفنس میں قتل کیے گئے انتظار احمد کے کیس کی تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی بنادی گئی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کریں گے جبکہ چھ ارکان میں ڈی آئی جی ساؤتھ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران بھی حصہ ہوں گے۔

جے آئی ٹی کو 15 روز میں واقعے کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ، اس سے قبل بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کی گئی تھی جوکہ چند روز بعد ہی تحلیل کردی گئی ، وہ جے آئی ٹی محض دو اجلاس ہی منعقد کرسکی تھی۔

جے آئی ٹی کے قیام کے لیے مقتول انتظار کے والد اشتیاق احمد اپنے وکیل کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس بھی پہنچے جہاں انھوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں مراد علی شاہ نے انھیں نوٹیفکیشن جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ 13 جنوری کی شام ڈیفنس خیابان بخاری میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے اہلکاروں کی کار پر فائرنگ سے انتظار احمد جاں بحق ہوگیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد کار میں سے ایک لڑکی بھی اتر کر فرار ہوگئی تھی ، واقعے کے بعد ڈی آئی جی ساؤتھ نے تحقیقات کی اور سی ٹی ڈی کو تفتیش منتقل کی گئی یہاں تک کہ جے آئی ٹی قائم کی گئی لیکن اس کے باوجود کیس کا کوئی ٹھوس نتیجہ نہ نکلا جس پر ورثا نے بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا جس کے بعد گزشتہ روز بالآخر نئی جے آئی ٹی قائم کردی گئی۔