این جی اوکو سرکاری کالجوں سے فرنیچراٹھانے سے روک دیاگیا

صرف پیشگی متبادل فرنیچرکی فراہمی پر فرنیچرلیا جاسکتا ہے، ڈائریکٹرجنرل کالجز


Staff Reporter March 30, 2013
صرف پیشگی متبادل فرنیچرکی فراہمی پر فرنیچرلیا جاسکتا ہے، ڈائریکٹرجنرل کالجز. فوٹو: ایکسپریس/ فائل

صوبائی محکمہ تعلیم نے سرکاری کالجوں میں این جی او کی جانب سے فرنیچراٹھائے جانے کے معاملے کانوٹس لے لیاہے اورڈائریکٹرجنرل کالجز سندھ پروفیسرڈاکٹرناصرانصارنے این جی اوکی جانب سے کالجوں سے فرنیچراٹھانے کے معاملے کوفرنیچرکی پیشگی فراہمی سے مشروط کردیا۔

''ایکسپریس''سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسرڈاکٹرناصرانصارنے کہاہے کہ تمام سرکاری کالجوں کے پرنسپلزکوہدایت کردی گئی ہے کہ اس وقت تک این جی اوکوفرنیچراٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔



جب تک این جی اواس کے متبادل فرنیچرفراہم نہ کردیں جبکہ پیشگی فراہم کیے جانیوالے فرنیچرکامعیاربھی پرانے فرنیچرسے بہتریاکم از کم اس کے برابرہوناچاہیے بصورت دیگرمتعلقہ این جی اوکوفرنیچرکالجوں سے اٹھانے کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیرتعلیم پیرمظہرالحق کے دورمیں محکمہ تعلیم نے ایک معاہدے کے تحت این جی اوکواس بات کی اجازت دے دی تھی کہ وہ سرکاری اسکولوں سے پرانافرنیچراٹھاکروہاں نیافرنیچرفراہم کردے جبکہ بعدازاں اس معاہدے میں بعض افسران نے از خود سرکاری کالجوں کوبھی شامل کرلیا۔