بلدیہ عظمیٰ کے بجٹ کو15مئی تک حتمی شکل دیدی جائے ایڈمنسٹریٹر کی ہدایت

ڈی ایم سیز کورقم جاری کردی گئی ، ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن فوری ادا کردی جائے، اجلاس سے خطاب.


Staff Reporter March 30, 2013
ڈی ایم سیز کورقم جاری کردی گئی ، ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن فوری ادا کردی جائے، اجلاس سے خطاب. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پانچوں ڈی ایم سیز آئندہ سال کے بجٹ کو 15 مئی تک حتمی شکل دے دیں۔

ڈی ایم سیز کو تنخواہوں کی مد میں رقم جاری کردی گئی ہے اس لیے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن فوری جاری کردی جائیں ، کے ایم سی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اپنے اثاثہ جات، ملازمین ، ٹھیکیداروں کے بقایاجات کا تعین ایک ہفتے میں مکمل کرلیں اور زیڈ ایم سی کے ملازمین کی تنخواہوں سے پنشن کی مد میں منہا کی گئی رقم فوری طور پر بلدیہ عظمیٰ کو ادا کی جائے۔

یہ بات انھوں نے ڈپٹی کمشنرز ، میونسپل کمشنرز اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں پانچوں ضلعوں کے ڈپٹی کمشنرز ، میونسپل کمشنرز ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ حکومت سندھ روبینہ آصف، مشیر مالیات خالد شیخ، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم شعیب وقار، سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کلچر ریحان خان، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اے ڈی سجنانی ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ڈاکٹر شوکت زمان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔



ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 4 محکموں صحت، تعلیم، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور لوکل ٹیکسز اپنے اپنے محکموں کے فوکل پرسن مقرر کریں جو ڈی ایم سیز کے افسران کے ساتھ اثاثہ جات اور محکموں سے متعلق فیصلہ کریں کہ یہ محکمے ڈی ایم سیز کے ماتحت کام کریں گے یا کے ایم سی کے تحت ان محکموں کو چلایا جائے گا، انھوں نے کہا کہ ڈی ایم سیز اور کے ایم سی کے درمیان جو معاملات متنازع رہ جائیں گے انھیں لوکل گورنمنٹ طے کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ زیڈ ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹر ز کو کونسل کے اختیارات دے دیے گئے ہیں اور اگر کسی معاملے میں کوئی قرارداد پاس کرنی ہو تو ڈی ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر ازخود قرارداد پاس کرنے کے اہل ہوں گے،انھوں نے کہا کہ کراچی کی 178 یونین کونسلیں مختلف ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے دائرہ کار میں آرہی ہیں ، یونین کونسل کو بنیاد بنا کر حدود اور اثاثہ جات کا تعین کیا جائے، انھوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں پر خاص توجہ دی جائے اور بڑی بڑی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اندرونی گلیوں سے بھی کچرا صاف کیا جائے۔