عمران خان کی شادی پر (ن) لیگی رہنماؤں کے دلچسپ تبصرے

ویب ڈیسک  پير 19 فروری 2018
مجھے لگتا ہے شادی پہلے ہوئی ہے اور ری پلے کل ہوا ہے،طلال چوہدری،فوٹو:فائل

مجھے لگتا ہے شادی پہلے ہوئی ہے اور ری پلے کل ہوا ہے،طلال چوہدری،فوٹو:فائل

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی پر حکمران جماعت کے رہنماؤں نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر وزیرمملکت برائے داخلہ  طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرکٹر ہے وہ ہر چیز کا ری پلے کرتا ہے، مجھے لگتا ہے شادی پہلے ہوئی ہے اور ری پلے کل ہوا۔ صحافی کے سوال پر کہ کیا عمران خان اپنی بیگم کو سلامی میں خاتون اول کا ٹائٹل دیں گے؟ کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ میرا خیال ہے یہ ان کی قسمت میں نہیں ہے، پتا نہیں اب یہ شادی وزیر اعظم بننے کے لئے کی ہے یا گھر بسانے کے لئے، عمر کے حساب سے تو شادی کافی پرانی لگتی ہے۔

وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا کہ عمران خان کی شادیاں اور سیاست دونوں ناکام ہی رہیں جب کہ دانیال عزیز نے کہا کہ جس کو کچن چلانے کی فکر ہے، اس بیچارے نے ملک کو کیا چلانا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان کی تیسری شادی

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران کو شادی کے ساتھ سکون بھی دے۔ وزیر قانون پنجاب راناثناء اللہ نے عمران خان کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شادی تو پہلے ہوچکی تھی اعلان کل ہوا، عمران خان نے مفتی سعید کونکاح کرانے کیلئے رکھا ہواہے، عمران خان اپنے ولیمے میں مجھے ہرگز نہیں بلائیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی جس کی پی ٹی آئی کی جانب سے باقاعدہ تصدیق کی گئی اور نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔