حلف نامہ تبدیلی، راجا ظفرالحق رپورٹ آج پیش کرنیکا امکان

ثاقب بشیر  منگل 20 فروری 2018
کمیٹی نے اپنا کام 72 گھنٹوں میں مکمل کر لیا تھا لیکن رپورٹ پبلک نہیں ہو سکی۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

کمیٹی نے اپنا کام 72 گھنٹوں میں مکمل کر لیا تھا لیکن رپورٹ پبلک نہیں ہو سکی۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی کے پیچھے محرکات کا پتہ لگانے کے حوالے سے راجہ ظفر الحق کمیٹی کی جائزہ رپورٹ ساڑھے 4 ماہ بعد آج عدالت میں پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ایکسپریس کوباوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ رپورٹ پر وزیرداخلہ احسن اقبال کے دستخط نہیں تھے جو اب کروالیے گئے ہیں۔ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو آخری موقع دیتے ہوئے رپورٹ پیش نہ کرنے کی صورت میں وزیراعظم کو طلب کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

الیکشن ایکٹ2017میں ختم نبوت حلف نامے کو اصلی شکل میں بحال کر دیا گیا تھا لیکن اس کے پیچھے حقائق کو منظر عام پر لانے کیلیے سابق وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ برس 7 اکتوبر کو3 رکنی انکوائری کمیٹی بنائی تھی جس کو24 گھنٹے میں تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

کمیٹی کی سربراہی سینیٹر راجہ ظفر الحق جبکہ دیگر ممبران میں سینیٹر مشاہد اللہ خان اور احسن اقبال بھی شامل تھے۔ کمیٹی نے اپنا کام 72 گھنٹوں میں مکمل کر لیا تھا لیکن رپورٹ پبلک نہیں ہو سکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔