افغان صوبے فرح میں طالبان نے 4 چوکیوں پر قبضہ کرلیا 26 اہلکار ہلاک

طالبان جنگجوؤں اور سیکورٹی اہلکاروں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں


ویب ڈیسک February 20, 2018
طالبان جنگجوؤں اور سیکورٹی اہلکاروں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں،فوٹو:فائل

افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں طالبان نے 4 چوکیوں پر قبضہ کرتے ہوئے 26 اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبہ فرح میں طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی اہلکاروں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں ،طالبان نے ضلع بالابلوک اور شملگاہ میں مختلف پولیس چوکیوں پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں کم از کم 26 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ غیر مصدقہ اطلات کے مطابق 30 سے زائد اہلکار مارے گئے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: افغان چیک پوسٹوں پر حملے میں 15 اہلکار مارے گئے

فرح کی صوبائی کونسل کے سربراہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان نے بالابلوک ضلع سے متصل 3 اور شملگاہ میں ایک پولیس چوکی پر قبضہ کرلیا ہے ۔ بالابلوک میں ہونے والے حملوں میں 16 اہلکار اور شملگاہ میں 8 اہلکار مارے گئے جب کہ حملہ آوروں نے 4 پولیس اہلکاروں کو اغوا بھی کرلیا۔

مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں طالبان اور پولیس اہلکاروں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں ،جس میں متعدد اہلکار مارے گئے ہیں۔