پولیس اہلکاروں کے قتل اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

فرنٹیئر کالونی میں گھروں کی تلاشی، ایسٹ زون سے 31 ملزم گرفتار، اسلحہ اور منشیات اور گاڑیاں برآمد


Staff Reporter March 31, 2013
ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

SAN FRANCISCO: پیرآباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے قتل اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

جبکہ ایسٹ زون پولیس نے 31 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، تفصیلات کے مطابق پیرآباد میں گزشتہ روز پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے فرنٹیئر کالونی کا محاصرہ کرلیا اور متعدد گھروں کی تلاشی لی ، اس دوران پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، برآمد کیے گئے اسلحے میں 3 کلاشنکوف، 3 نائن ایم ایم پستول، ایک اسٹین گن، ایک ایم پی فائیو رائفل، ایک دستی بم اور متعدد راؤنڈ و کارتوس شامل ہیں، آپریشن میں مختلف ڈویژن کی پولیس نے حصہ لیا جبکہ آپریشن میں درجنوں موبائلیں اور بکتر بند بھی شامل تھیں۔



اس دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تاہم ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد انھیں چھوڑ دیا اور پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ، پولیس حکام نے فوری طور پر ملزمان کے نام ظاہر نہیں کیے ، ان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے بعد ہی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، مومن آباد ، میٹروول اور دیگر علاقوں میں بھی پولیس نے آپریشن کیا اس دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، علاوہ ازیں ایسٹ زون پولیس نے اپنے ضلع کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 31 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ کیپٹن ریٹائرڈ طاہر نوید کے مطابق ملزمان میں 9 مفرور اور ایک اشتہاری ملزم بھی شامل ہے ، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ ٹرک، ڈمپر، رکشا اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے ، ملزمان گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم سمیت متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔