سری دیوی کی موت حادثاتی تھی، فرانزک رپورٹ

ویب ڈیسک  پير 26 فروری 2018
بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی، بھارتی میڈیا 
؛ فوٹوفائل

بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی، بھارتی میڈیا ؛ فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی جس میں ان کی موت کو حادثاتی قرار دیا گیا ہے۔

بالی ووڈ پر اپنی خوبصورتی اور اداکاری سے تقریباً تین دہائیوں تک راج کرنے والی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی دوروز قبل دبئی میں انتقال کرگئیں، ابتدائی طور پر سری دیوی کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا جارہا تھا لیکن ان کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ سری دیوی کو دل کا عارضہ لاحق نہیں تھا یہی وجہ ہے کہ ان کے مداحوں سمیت تمام لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ آخر سری دیوی یوں اچانک کیسے سب کو چھوڑ کر چلی گئیں۔ بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ سب سے پہلے سری دیوی کی لاش ان کے شوہر بونی  کپور کو ہوٹل کے باتھ روم سے ملی جب کہ بعض میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے اسٹاف کو سری دیوی کی موت کا علم ہوا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  سری دیوی انتقال کرگئیں

بھارتی میڈیا میں چلنے والی متضاد خبروں کے باعث سری دیوی کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا تھا تاہم حتمی فیصلے کیلئے فرانزک رپورٹ کا انتظار تھا جو اب سامنےآگئی ہے۔ خلیجی اخبار کے مطابق سری دیوی کی فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ ان کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے کے بعد ہوئی تاہم ان کی موت کے پیچھے کوئی مجرمانہ عوامل نہیں تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سری دیوی کے انتقال پر پاکستانی فنکاروں کا اظہار افسوس

اس خبرکوبھی پڑھیں: موت سے کچھ دیر قبل سری دیوی کے ساتھ کیا ہوا؟

گلف نیوز سے وابستہ صحافی نے دبئی میں غیر ملکی افراد کی موت کے حوالے سے کچھ حقائق منظر عام پر لاتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص اسپتال میں دم توڑ دے اور اس کی موت کی وجہ بھی معلوم ہو تو اسپتال انتظامیہ کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی جاتی ہے۔ لیکن اگر کسی انسان کی موت اسپتال کے باہر واقع ہو چاہے اس کی موت طبعی طور پر ہی کیوں نہ ہوئی ہو انتظامیہ فوراً پولیس کو اطلاع کرتی ہے جس کے بعد کیس رجسٹرڈ کرکے  مکمل طور پر تفتیش کی جاتی ہے اور لاش ورثا کے حوالے کردی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔