رینکنگاینڈی مرے اونچی اڑان بھرنے پر خوشی سے سرشار

چند ماہ سے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فتوحات سمیٹ رہا ہوں،برطانوی اسٹار۔


Sports Desk/AFP April 02, 2013
برطانوی اسٹار اینڈی مرے فلوریڈاکے ساحل پر میامی ماسٹرز کی ٹرافی تھامے خصوصی پوز دے رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے رینکنگ میں اونچی اڑان بھرنے پر خوشی سے سرشار ہیں۔

میامی میں ٹائٹل جیت کر ورلڈ نمبر2 بن جانے والے اسکاٹش پلیئر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میں کھیل کی مزید کئی بلندیوں پر جا سکتا ہوں،اینڈی کیریئر میں دوسری مرتبہ اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں، اتوار کو ڈیوڈ فیرر کیخلاف فائنل میں تھکاوٹ کا شکار نظر آنے والے کھلاڑی نے میچ کا آغاز سست روی سے کیا، فائنل سیٹ میں بھی وہ ہاک آئی پر میچ پوائنٹ بچانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

گرم موسم اور حدت نے بھی انھیں دوران میچ پریشان کیے رکھا، ٹائی بریکر تک جانے والے تیسرے سیٹ میں حریف فیرر کے پٹھے اکڑ گئے جبکہ اینڈی کا بھی ٹخنہ مڑؑگیا تھا لیکن انھوں نے دوران میچ ٹریٹمنٹ لیے بغیر کام چلالیا، اس حوالے سے انھوں نے بتایا کہ میچ کے بعد ہم دونوں لاکر روم میں بیٹھے رہے، تکلیف کے سبب مجھے اپنی ٹیم کے ہمراہ جشن منانے کا موقع نہیں ملا، ہم دونوں ہی میچ کے بعد بُری طرح تھک چکے تھے،25 سالہ اینڈی مرے نے 2011 میں فیرر کو ہی شکست دے کر شنگھائی ماسٹرز جیتا تھا۔



اس کے بعد 2013 میں بھی انھوں نے میامی میں اپنا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل حاصل کیا،اس کے بعد وہ گذشتہ برس ہوم کرائوڈ کے سامنے اولمپک سنگلز میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں،گذشتہ برس انھوں نے یوایس اوپن کی صورت کئی دہائیوں بعد انگلش گرینڈ سلم فاتح بننے کا اعزاز بھی پایا تھا، 2009 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر براجمان ہونے والے اینڈی مرے نے کہا کہ میرے پاس انڈین ویلز ٹرافی جیتنے کی صورت میں بھی ورلڈ نمبر2 پوزیشن پانے کا موقع تھا،اس بابت مجھ سے لوگ خاصی مرتبہ پوچھ چکے تھے مجھے خوشی ہے کہ میں اس ہفتے یہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوگیا۔

لہذا اب مونٹی کارلو، میڈرڈ یا روم ماسٹرز میں حصہ لیتے ہوئے میرے سر پر یہ سوال نہیں ہوگا، میں ذاتی طور پر اسے اپنے لیے کوئی بڑی تبدیلی خیال نہیں کرتا لیکن عالمی درجہ بندی میں آگے کی جانب بڑھنا اچھی علامت ہے، میں گذشتہ چند ماہ سے تواتر کے ساتھ عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فتوحات سمیٹ رہا ہوں اور یقینی طور پر رینکنگ میں اس کا اثر پڑتا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ میں اپنی کوشش اور سخت محنت کو اپنا شعار بنائے رکھتے ہوئے کلے کورٹ ایونٹس میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کروں گا، میں ابھی مزید بلندیوں پر جا سکتا ہوں اور اس کا مجھے یقین ہے۔

مقبول خبریں