ایل او سی پر اشتعال انگیزی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی

بھارت کی جانب سے سیز فائرکی خلاف ورزیاں خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک March 02, 2018
رواں سال بھارتی فائرنگ سے 20 شہری شہید اور71 زخمی ہو چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اوریکم مارچ کو ایل او سی کے بھمبر سماہنی سیکٹر پر بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے نہالہ گاؤں کا شہری ظفراقبال شہید، اہلیہ اوربچہ زخمی ہوئے جب کہ رواں سال بھارتی فائرنگ سے 20 شہری شہید اور71 زخمی ہو چکے ہیں۔ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔