ہم بولیں تو کہا جاتا ہے کہ عدلیہ مداخلت کررہی ہے چیف جسٹس

یہ لوگ خود بھی کام نہ کریں اور ہمیں بھی نہ کرنے دیں، چیف جسٹس


ویب ڈیسک March 05, 2018
ہم کسی کو چھوڑیں گے نہیں، عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں، چیف جسٹس فوٹو:فائل

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ ہم بولتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ عدلیہ ایگزیکٹیو اتھارٹی میں مداخلت کررہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے مارگلہ ہلز میں درختوں کی کٹائی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سی ڈی اے کے قواعد و ضوابط نہ ہونے پر وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری کو فوری طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ اگر وزیرِ کیڈ کسی میٹنگ میں بھی ہیں تب بھی ان کو بلائیں، یہ لوگ خود بھی کام نہ کریں اور ہمیں بھی نہ کرنے دیں، پھر کہا جاتا ہے کہ عدلیہ ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت کررہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اپنے اختیارات کاعلم ہے اور ان سے باہر نہیں جائیں گے

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم کس کے کام میں مداخلت کرتے ہیں؟، ہم کسی کو چھوڑیں گے نہیں، ہمیں بتائیں کہ قواعد و ضوابط کی عدم تیاری کا ذمہ دار کون ہے، جن کا کام ہے انہوں نے کیا نہیں، اگر عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں تو خدمت کریں۔