دورہ بھارت کے دوران ہلیری کلنٹن کا ہاتھ ٹوٹ گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 16 مارچ 2018
باتھ ٹب میں گرنے کے باعث ہیلری کلنٹن کے سیدھے ہاتھ کی کلائی شدید متاثر ہوئی ہے؛ فوٹوفائل

باتھ ٹب میں گرنے کے باعث ہیلری کلنٹن کے سیدھے ہاتھ کی کلائی شدید متاثر ہوئی ہے؛ فوٹوفائل

جودھ پور: سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھارتی دورے کے دوران باتھ ٹب میں گر کر زخمی ہوگئیں۔

سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن ان دنوں اپنی کتاب کی تشہیر کے سلسلے میں  بھارت کے دورے پر ہیں لیکن انہیں بھارت کا یہ دورہ بہت مہنگا پڑا ہے۔ ہلیری کلنٹن بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کے فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام پذیر ہیں جہاں وہ باتھ ٹب میں گرنے کے باعث خود کو زخمی کروا بیٹھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلیری کلنٹن کو صبح تقریباً 5 بجے جودھ پور کے سٹی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایکسرے اور سی ٹی اسکین کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ باتھ ٹب میں گرنے کے باعث ہلیری کلنٹن کے سیدھے ہاتھ کی کلائی شدید متاثر ہوئی ہے اور اس میں فریکچر ہوگیا ہے۔

ہلیری کلنٹن کے ہاتھ پر پلاسٹر چڑھادیا گیا ہے اور انہیں اگلے تین روز تک مستقل چیک اپ کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم ہلیری کی صحت ان کے دورہ بھارت پر اثر انداز نہیں ہوگی اور وہ اپنا دورہ جاری رکھیں گی۔

واضح رہے کہ  دوروز قبل بھارتی شہر منڈو میں تاریخی مقام کے دورے پر بھی ہلیری کلنٹن سیڑھیوں سے اترتے وقت دو مرتبہ پھسل گئی تھیں تاہم ان کے ساتھ موجود شخص نے بروقت تھام کر انہیں گرنے سے بچایا تھا۔ تیسری بار پھسلنے سے بچنے کےلیے انہوں نے اپنی سینڈل ہی اتار دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔