پاکستان کے موسمی حالات گرین ٹاپ وکٹیں بنانا ممکن نہیں

اگر پلیئر اپنے کردار سے انصاف کررہا ہے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی،وسیم۔


Sports Reporter April 06, 2013
اگر پلیئر اپنے کردار سے انصاف کررہا ہے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی،وسیم۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے موسمی حالات میں گرین ٹاپ وکٹیں بنانا ممکن نہیں، کوکا بورا گیند مہنگی اور استعمال سیکھنا مشکل ہے۔

لیکن مسلسل کوشش سے ہنر حاصل کرنا مستقبل کیلیے بہتر ہوگا۔ کوکا بورا پہلے 15سے 20اوورز میں سوئنگ ہوتی ہے، بعد ازاں 70اوورز تک خاص مدد نہیں ملتی، سمجھداری سے بولنگ کرنا پڑتی ہے، میری کوشش ہوگی کہ پیسرز کو ٹیسٹ میں بیٹسمین کو جال میں پھنسانے اور ٹیل اینڈرز کا جلد صفایا کرنے کے گُر بھی بتاؤں تاکہ جنوبی افریقہ جیسی صورتحال پیدا نہ ہو۔ وسیم اکرم نے کہاکہ کھلاڑی کی عمر نہیں پرفارمنس دیکھنی چاہیے۔



اگر پلیئر اپنے کردار سے انصاف کررہا ہے تو عمر کوئی معنی نہیں رکھتی، ہمارے ہاں اس حوالے سے دباؤ بڑھایا جاتا ہے جو درست رویہ نہیں، میرا ذاتی خیال ہے کہ کرکٹر کو خود ہی اس وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلینا چاہیے جب اس کا عروج اور ایک دوسال کی کرکٹ باقی ہو، ایسی صورت میں پرستار زیادہ دیر تک یاد رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آفریدی کی بیٹنگ نہیں چل رہی تھی تو اعتراض ہوتا رہا، اب انھوں نے کچھ رنز بنائے تو بولنگ پر باتیں شروع ہوگئیں، چیمپئنز ٹرافی کیلیے حتمی اسکواڈ میں آل راؤنڈر کہاں فٹ ہوتے ہیں، اس کا فیصلہ مجھے نہیں سلیکٹرز کو کرنا ہے۔