جیکولین فرنینڈس نے حجاب پہن لیا

ویب ڈیسک  اتوار 18 مارچ 2018
جیکولین ریس 3 کی شوٹنگ کے لیے ابوظہبی میں موجود  ہیں۔ فوٹو : انسٹا گرام

جیکولین ریس 3 کی شوٹنگ کے لیے ابوظہبی میں موجود ہیں۔ فوٹو : انسٹا گرام

ابوظہبی: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ابوظہبی کی خوبصورت جامع مسجد شیخ زید کا دورہ کیا اس دوران جیکولین نے حجاب لیا اور مسجد کے مختلف حصوں کو دیکھا۔

بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ ساتھی اداکار سلمان خان کے ساتھ ریس 3 کی شوٹنگ کے لیے متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں، شوٹنگ ٹیم مختلف شہروں میں فلم کے مختلف سین کی عکس بندی میں مصروف ہیں تاہم اس دوران جیکولین نے موقع پا کر ابوظہبی کی خوبصورت جامع مسجد شیخ زید کا دورہ کیا۔

جیکولین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام میں مسجد کے دورے کے دوران بنائی گئی تصاویر اور ویڈیو کوشیئر کیا جس میں اداکارہ حجاب میں ملبوس مسجد کے مختلف حصوں کو دیکھ رہی ہیں جب کہ وہاں موجود لوگوں نے اداکارہ کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔

جیکولین فرنینڈس کی نئی فلم ’ریس 3‘ کو سلمان خان نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ فلم کے ہدایت کار ریمو ڈی سوزا ہیں، فلم کے مناظر ممبئی اور بنکاک میں عکس بند کیے گئے ہیں جب کہ بقیہ ماندہ مناظر کی شوٹنگ کے لیے ٹیم ابوظہبی پہنچی ہے، فلم 15 جون کو سینماؤں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔