آئی سی سی T20 بنگلہ دیش 2014 بنگلہ دیشی میزبانی پر شکوک کے بادل منڈلانے لگے

رقص وموسیقی کی محفل سجانےکےساتھ حاضرین کو جادوئی کمالات سےبہلایا گیا،کاکس بازاراسٹیڈیم کاتعمیراتی کام شروع نہیں ہوا.


Sports Desk April 07, 2013
ڈھاکا: آئی سی سی ورلڈ 20 ٹوئنٹی 2014 کے لوگو کی تقریب رونمائی میں بنگلہ دیشی مینز کپتان مشفیق الرحیم اور ویمنز نائب قائد ساتھیرا کا ٹرافی تھامے پوز۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2014 کی بنگلہ دیشی میزبانی پر شکوک کے بادل منڈلانے لگے۔

اگلے برس ملکی انتخابات بھی ہونے ہیں، سیاسی صورتحال ابھی سے کشیدہ ہے، لوگو کی رونمائی بھی ہڑتال کے دوران کی گئی، کاکس بازار اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام ہی ابھی شروع نہیں ہوا، سلہٹ کا وینیو نامکمل پڑا ہوا ہے۔ بی سی بی نے لوگو کی تعارفی تقریب کو رنگین بناکر خدشات دور کرنے کی کوشش کی، رقص و موسیقی کی محفل سجانے کے ساتھ حاضرین کو جادوئی کمالات سے بھی بہلایا گیا، آئی سی سی کے نائب صدر مصطفیٰ کمال اپنے ہی ملکی بورڈ کی صلاحیتوں کو سراہتے رہے، لوگو میں مقامی رکشے کی عکاسی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ آئندہ برس16مارچ سے 6 اپریل تک بنگلہ دیش میں منعقد ہونا ہے مگروہاں کی سیاسی کشیدہ صورتحال، انتخابات اور انفرااسٹرکچر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے میزبانی پر سوالیہ نشان عائد ہوگیا ہے۔ گذشتہ کچھ عرصے سے بنگلہ دیش کی سیاسی صورتحال انتہائی خراب ہے، کئی پُرتشدد واقعات رونما ہوچکے ہیں، گذشتہ روز جب ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ورلڈ کپ لوگو کی رونمائی ہورہی تھی تو اس وقت بھی پورا شہر عام ہڑتال کی وجہ سے بند پڑا ہوا تھا،آئندہ برس بنگلہ دیش کے انتخابات بھی ہونے ہیں اور بعض اطلاعات کے مطابق وہ بھی مارچ میں ہی ہوں گے۔

1

دوسری جانب ورلڈ کپ کیلیے نامزد 4 وینیوز میں سے ایک کاکس بازار کا تعمیراتی کام ابھی شروع ہی نہیں ہوا، دوسرے وینیو سلہٹ میں کام کب سے رکا ہوا ہے۔ لوگو کی تقریب رونمائی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی سی سی کے نائب صدر مصطفیٰ کمال نے اعتراف کیا کہ الیکشن کے موقع پر بنگلہ دیش کے حالات بہتر نہیں ہوتے مگر ہم امید کرتے ہیں کہ ورلڈ کپ کے موقع پر ایسا نہیں ہو گا، گذشتہ برس جب یہاں پر ایشیا کپ ہوا تو حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب کے رہنما اسٹیڈیم میں آئے تھے، اس لیے ہمیں امید ہے کہ سیاسی جماعتیں ایونٹ کی راہ میں حائل نہیں ہوں گی۔

بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے انفرااسٹرکچر کے حوالے سے کہا کہ ہمیں کاکس بازار اسٹیڈیم بورڈ کو ملنے کے باضابطہ خط کا انتظار ہے، جیسے ہی وہ ہمیں ملا اگلے ہفتے کام شروع کرادیں گے، سلہٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس نصب ہوچکیں جبکہ ڈریسنگ روم بھی تیار ہوگئے ہیں، بیوروکریسی کی وجہ سے کچھ کام رکا ہوا ہے اگر مزید تاخیر ہوئی تو بورڈ اپنے خرچ پر اسے مکمل کرسکتا ہے۔

دریں اثنا لوگو کی رنگارنگ تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔ اس میں500 منتخب مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا، بنگلہ دیش کی مشہور آرٹسٹ لبنیٰ مریم اور ان کی ٹیم نے پرفارم کیا، گلوکار حبیب اور نینسی نے اپنی آواز کا جادو جگایا، اس موقع پر جیویل ایش نے جادوئی کمالات بھی دکھائے۔ تقریب کے مہمان خصوصی مصطفیٰ کمال ہی تھے جو اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر رہ چکے ہیں۔ انھوں نے بی سی بی کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بنگلہ دیش اس ایونٹ کا یادگار انعقاد کرے گا۔