بغیر انسولین اور دواؤں کے شوگر پر کنٹرول ممکن ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 مارچ 2018
ذیابیطس کے مرض پر دواؤں کے بغیر بھی قابو پایا جاسکتاہے۔ فوٹو : فائل

ذیابیطس کے مرض پر دواؤں کے بغیر بھی قابو پایا جاسکتاہے۔ فوٹو : فائل

 لندن: ذیابیطس قسم دوم (ٹائپ ٹو) کے مریض انسولین اور دواؤں کے بغیر بھی شوگر لیول کنٹرول کرسکتے ہیں۔

ماہر امراض ذیابیطس ڈاکٹر جان ہاؤرتھ نے اپنی تحقیق میں بتایا ہے کہ ذیابیطس قسم دوم کے مرض کی بنیادی وجہ وزن کی زیادتی ہے جس پر قابو پاکر ذیابیطس کو بھی شکست دی جاسکتی ہے۔ شواہد بتاتے ہیں کہ موٹے افراد میں شوگر لیول کنٹرول کرنے کےلیے دواؤں سے زیادہ وزن کم کرنے پر توجہ دی جائے تو زیادہ بہتر طور پر شوگر کو قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔

شمال مغربی برطانیہ کے علاقے کیمبریا کے معروف فزیشن ڈاکٹر جان ہاؤرتھ نے اپنے 1 ہزار مریضوں پر کی گئی ریسرچ سے ثابت کیا ہے کہ موٹاپے کے باعث ذیابیطس میں مبتلا ہونے والوں میں سے بیشتر مریض صرف 15 کلو وزن کم کرکے اپنا شوگر لیول نارمل کرنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ اس دوران انہیں دوائیں یا انسولین بھی نہیں دی گئیں۔

ڈاکٹر ہاؤرتھ کے مطابق والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کی غذائی عادات پر توجہ دیں اور کسی طور بچوں کا وزن بڑھنے نہ دیں۔ اس طرح یہ بچے مستقبل میں ذیابیطس کا مرض کا شکار ہونے سے محفوظ رہیں گے۔ جن افراد کا بی ایم آئی 30 ہوتا ہے ان کے ذیباطیس میں مبتلا ہونے کے امکانات دوگنے ہوجاتے ہیں جب کہ 40 بی ایم آئی ہونے پر ذیابیطس میں مبتلا ہونے کے دس گنا امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ ذیابیطس کو مکمل طور پر ختم کرنا ناممکن ہے تاہم ایسے مریض جو موٹاپے کے باعث حال ہی میں ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہوئے ہیں، ایسے افراد میں موٹاپے کا علاج کرکے ذیابیطس کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جب کہ وہ افراد جو ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہوجاتے ہیں ان کا وزن کم کراکے مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ ان کے زیر علاج مریضوں میں سے جن افراد نے 15 کلوگرام وزن کم کیا، ان کا شوگر لیول نارمل ہو گیا۔

ڈاکٹر ہاؤرتھ کے مطابق ایسا اس لیے ہوتا ہے کیوں کہ جگر اور لبلبے پر موجود چربی، انسولین کے اخراج پر اثرانداز ہوتی ہے لہذا وزن کم کرنے والے مریضوں میں لبلبے اور جگر کی چربی ختم ہوجانے کے باعث انسولین کا اخراج نارمل ہوجاتا ہے جس کے باعث شوگر بھی نارمل ہوجاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔