پاکستان اپنے ہی پیداکردہ عفریتوں کی زدمیں ہےامریکی اخبار

فوج کوانتہاپسندوںپرکنٹرول نہیںرہا،بیشترسیاسی واقتصادی ادارے ناکارہ ہوگئے.


INP April 10, 2013
سابق حکومت کاواحدکارنامہ5سال پورے کرناہے،تبدیلی کے آثارنظرنہیں آتے. فوٹو: فائل

امریکی اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان ایسا ملک بن گیا ہے جو اپنے ہی پیدا کردہ عفریتوں کی زد میں ہے۔

بیشتر سیاسی اور اقتصادی ادارے ناکارہ ہوچکے ہیں اورتبدیلی کے آثارنظر نہیں آرہے۔ امریکی اخبار انٹرنیشنل ہیرلڈ ٹریبیون نے منگل کو پاکستان میں پہلی مرتبہ منتخب حکومت کی 5سالہ مدت پوری کرنے اورمئی کے انتخابات پر جائزہ رپورٹ میں کہاہے کہ سابق حکومت کا واحد کارنامہ ہے کہ اس نے 5سال پورے کیے ہیں۔

جن کی اہمیت ان خوفناک واقعات کے نیچے دب گئی ہے جو آئے دِن اس ملک میں ہوتے رہتے ہیں۔ رپورٹ میں تجزیہ نگار پاکستان میں سابق امریکی سفیر ولیم مائی لم کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ ان واقعات سے اس تاثر کو تقویت پہنچتی ہے کہ اس ملک کی کوئی کل سیدھی نہیں اور وہ کمزوری اور عدم استحکام کا شکارہے۔ رپورٹ کے مطابق اقلیتوں کو انتہاپسند بلاروک ٹوک نشانہ بناتے ہیں۔ تشدد کا شکار محض اقلیتیں ہی نہیں بلکہ اساس پسندوں نے مسلمان کی جو تنگ نظر تعریف مقرر کررکھی ہے۔

اگر کوئی شخص اس پر پورا نہیں اترتا تو اس پر حملے کا زیادہ امکان ہے۔ صوفیوں کی خانقاہوں کوسنی فرقے کے نصف سے زیادہ آبادی کی عقیدت اور احترام حاصل ہے، انھیں بھی شدت پسند نشانہ بناتے ہیں اورمرتد سمجھتے ہیں۔ انسانیت دوست سرگرم کارکنوں کو غریبوں میں معاشرتی اور طبی امداد تقسیم کرنے پر گولی ماردی جاتی ہے۔ انتہاپسندوں نے حال ہی میں کراچی میں پروین رحمٰن کو گولی مارکر ہلاک کردیا جو ایک این جی او کی سربراہ تھیں۔