کراچی میں فائرنگ ایس ایچ او پریڈی سمیت 5 افراد ہلاک

ناگن ،ملیراور گلشن میں3ہلاکتیں،دیگرواقعات میں ایک پولیس اہلکاراور خاتون سمیت 4زخمی ہوگئے


Staff Reporter April 10, 2013
کراچی:صدر کے علاقے مرشد بازار میں ٹارگٹ کلرز کی جانب سے ایس ایچ او پریڈی آغا اسد پر فائرنگ کے بعد ان کی کارتھانے میں کھڑی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی میں قانون نافذ کرنیوالے اہلکاربھی ٹارگٹ کلرزسے محفوظ نہیں رہے،فائرنگ کے واقعات میں پڑیڈی تھانے کے ایس ایچ اوآغااسد اللہ اوردیگر4افرادہلاک جبکہ ایک اہلکارسمیت4زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے مرشدبازارکے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سفیدرنگ کی ٹویوٹا کرولا کارنمبر KG-467 پر سامنے سے آکراچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس میں سوارایس ایچ او پریڈی انسپکٹر آغا اسد اﷲ شدید زخمی ہوگئے جنھیں ان کامحافظ تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایاجہاں وہ موت اور زیست کی کشمکش میں مبتلارہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔ڈی ایس پی پریڈی ضمیر عباسی سے رابطہ کیاگیا تو انھوں نے بتایا کہ مجھے کچھ نہیں معلوم اور جس سے چاہے معلوم کرلو جبکہ سندھ پولیس کے ترجمان ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت نے بھی تھانیدارکے قتل کی معلومات کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

واقعے کے بعد مقتول پولیس افسرکی کار سڑک پررکھے ہوئے بلاک سے ٹکراکررک گئی جبکہ کار کا ونڈ اسکرین چکناچور ہوگئی اوراس کے شیشے لگنے سے تھانیدار کا محافظ زخمی ہوگیا۔ پولیس کے اعلیٰ افسران نے فوری جوابی کارروائی نہ کرنے اورصرف تھانیدار کو ہی ٹارگٹ کیے جانے پر محافظ نزاکت کوپوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا ،مقتول تھانیدار آغااسد اﷲ 5 بچوں کا باپ اور خدا داد کالونی کے قریب آفیسرزکالونی میں رہائش پذیرتھا جبکہ آبائی تعلق شکار پور سے ہے،مقتول تھانیدارکے ماتھے پر لگنے والی گولی عقب سے باہرنکل گئی جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ انھیں گولی انتہائی قریب اور کار کے سامنے آکرماری گئی۔



مقتول آغا اسد اﷲ نے دو روز قبل بھتہ خورگروپ سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا تھاجس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق طالبان گروپ سے تھاجبکہ واردات میں موٹر سائیکل کے علاوہ ایک کار بھی شامل تھی،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات کے بعدپریڈی پولیس کی ایک موبائل نے شارع عراق پاسپورٹ آفس کے قریب سے 3 افراد کو حراست میں لے لیاتھا،مقتول پولیس میں اے ایس آئی بھرتی ہوا تھا جبکہ ٹریفک پولیس میں اپنی خدمات انجام دینے کے بعد وہ کھارادر ،پاک کالونی اور پریڈی سمیت دیگرپولیس اسٹیشنز میں ایس ایچ او کے عہدے پر تعینات رہ چکاہے،حفاظتی اقدامات کے تحت مقتول آغااسد اپنی حفاظت میں رکھے جانے والااسلحہ لوڈ کر کے رکھتاتھا۔

تاہم سفاک ملزمان نے انھیں اتنی بھی مہلت نہیں دی کہ وہ جوابی فائرنگ کرسکے۔بنارس میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے سڑک عبورکرنے والے شخص کو ہلاک کردیا، مقتول کی شناخت 45سالہ علی حسین زادہ کے نام سے ہوئی جس کی بنارس پرقصبہ موڑکے قریب ڈینٹنگ کی دکان ہے، مقتول کے بھائی امین زادہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیںتھا،مقتول 4 بچوں کاباپ تھاجبکہ5بھائیوں میں سب سے بڑاتھا۔مقتول کا آبائی تعلق پشاورکے علاقے متنی سے تھا۔ ناگن چورنگی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25سالہ شخص ہلاک ہوگیا،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔



کراچی:صدر کے علاقے مرشد بازار میں ٹارگٹ کلرز کی جانب سے ایس ایچ او پریڈی آغا اسد پر فائرنگ کے بعد ان کی کارتھانے میں کھڑی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

ملیرکینٹ کے علاقے چیک پوسٹ نمبر 5کے قریب خالی پلاٹ سے 35 سالہ شخص کی لاش ملی جسے تشدد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیا۔ کھارادرکے علاقے بغدادی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر22سالہ مریم بلوچ زوجہ عیسیٰ بلوچ زخمی ہوگئی،گارڈن کے علاقے جماعت خانہ کے قریب جوزف اسکول کے سامنے طلباکے 2گروپوں میں تصادم ہوگیا ،اس دوران فائرنگ سے20سالہ حمزہ زخمی ہوگیا، لانڈھی کے علاقے شیرپائو کالونی میں پڑوسیوں کے درمیان جھگڑے میں فائرنگ سے 25 سالہ دلدارزخمی ہوگیا۔

گلبہار کے علاقے خاموش کالونی پنکچر کی دکان پ کھڑے ہوئے سی آئی ڈی گارڈن انسدادانتہاپسندی کے اہلکار نورحسن کوموٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے شدیدزخمی کر دیاجسے انتہائی تشویشناک حالت میں نجی اسپتال لے جایاگیا۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک ون طوبیٰ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ راشد نامی شخص ہلاک ہوگیا۔ مقتول اسی علاقے کا رہائشی اور پراپرٹی ڈیلر تھا۔