آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ایوان کا پہلا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جہاں نو منتخب اراکین حلف لیں گے جبکہ 7مخصوص نشستوں پر انتخاب بھی کل ہوگا، جس کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے شیڈول کے مطابق کل مخصوص نشستوں پر ووٹنگ ہوگئی ۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق خواتین کے لیے مخصوص 5 نشستوں پر 6 خواتین امیدواروں رفعت عابد، زوبیہ خورشید، سحرش قمر، فرزانہ یعقوب، مریم ادریس اور مریم زمان کے درمیان مقابلہ ہوگا، اسی طرح علمائے دین و مشائخ کی ایک مخصوص نشست پر حافظ طارق محمود اور محمد مظہر سعید مدمقابل ہوں گے۔
کمیشن نے بتایا کہ ٹیکنوکریٹس اور پروفیشنلز کی ایک مخصوص نشست کے لیے سید افتخار گیلانی اور صاحبزادہ ذوالفقار علی کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ریاستی باشندگان مقیم بیرونِ ملک کے لیے مخصوص ایک نشست پر صرف ایک امیدوار کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے تھے، جس کے باعث مذکورہ نشست پر عبد الرحمان آرائیں بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
انتخابی شیڈول کے مطابق خواتین، ٹیکنوکریٹس، پروفیشنلز اور علمائے دین و مشائخ کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ صبح 10سے دوپہر ایک بجے تک اسمبلی ہال میں ہو گی۔
دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی کل ہی طلب کر لیا گیا ہے اور ایوان کا پہلا اجلاس دن 2 بجے مظفرآباد سول سیکریٹریٹ میں ہوگا، جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھا ئیں گے جبکہ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے انتخابی عمل کا آغاز بھی اجلاس میں کیا جائے گے اور نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور رائے شماری کا شیڈول جا ری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر انتخابات اور حکومت سازی کے مرحلے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مظفرآباد میں پارٹی صدر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت ہوا، جس میں مخصوص نشستوں کے انتخاب اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔
اس حوالے سے ذرائع نے یہ بتایا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مخصوص نشستوں کے انتخاب کے لیے ارکان کو ہدایات کے ساتھ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ مسلم لیگ (ن) تاحال قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کا حتمی فیصلہ نہیں کرسکی اور تینوں اہم عہدوں کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف دیں گے۔